وزیراعلیٰ بلوچستان کا کیچی بیگ اور مستونگ میں دہرے قتل کے واقعات کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کا حکم

جمعرات 31 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں 2 بچیوں کے قتل اور مستونگ میں میاں بیوی کے اندوہناک قتل کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے سنگدل مجرم خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور ہرگز کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ دونوں مقدمات کو سیریس کرائمز انویسٹیگیشن ونگ کے سپرد کیا جائے تاکہ تفتیش سائنسی بنیادوں پر اور مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے: کنویں میں ڈوبتے بچے کو بچاتے ہوئے ماں باپ سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے

انہوں نے کہا کہ فرانزک شواہد، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیقاتی مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد ملزمان کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ان واقعات کو پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا قرار دیا اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی حکومت کی آئینی، اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں، تاکہ مجرموں کو جلد از جلد انجام تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور صوبائی حکومت ایسے جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp