پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص کی قومی اسمبلی کی سیٹ خطرے میں، مگر کیوں؟

منگل 5 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پیر کے روز ایوان کی کارروائی کے دوران تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کی مسلسل غیر حاضری پر آئینی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی رکن 40 دن تک مسلسل اجلاسوں سے غیر حاضر رہے تو اس کی نشست خالی قرار دینے کی تحریک پیش کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے 5 اراکین قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا

اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کے دوران رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور اسپیکر، آئین اور قواعد کے مطابق ایوان کو آگاہ کر رہے ہیں کہ رول 44 (1) کے تحت شیخ وقاص اکرم اسمبلی سیشن کے 40 دنوں سے بغیر کسی رخصت لیے مسلسل غیر حاضر ہیں، تحریک پیش ہونے اور منظور ہونے کی صورت میں ان کی نشست خالی قرار دی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن ملک عامر ڈوگر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ جو رول آپ پڑھ رہے ہیں، بتائیں کہ اب تک ایوان میں کب قواعد پر مکمل عملدرآمد ہوا، ہمارے اراکین کو پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار کیا گیا، انہیں جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، یہ سب ظلم ہوتا رہا ہے۔

جس پر اسپیکر ایاز صادق نے جواب دیا کہ ہم نے متعدد بار پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں، ملک عامر ڈوگر نے اسے پی ٹی آئی کا آئینی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا حق ہے، جواباً اسپیکر ایاز صادق نے استفسار کیا کہ یہ حق 2018 سے 2022 کے درمیان کہاں تھا۔

مزید پڑھیں:جیلوں سے رہا ہونے والے کئی کارکنان وفات پاگئے، جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، شیخ وقاص اکرم

اس پر بحث مزید شدت اختیار کر گئی، جس پر پی ٹی آئی رکن ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ اگر یہی ماحول برقرار رکھنا ہے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا دیں، ایوان میں اس موقع پر کشیدگی دیکھی گئی، تاہم اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی کو قواعد و ضوابط کے مطابق آگے بڑھانے پر زور دیا۔

بعدازاں قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن نوشین افتخار نے شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ وقاص اکرم گزشتہ 40 دنوں سے ایوان کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے، لہٰذا آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے۔

اس سے قبل وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ماضی میں میاں محمد سومرو کی نشست بھی مسلسل 40 دن غیر حاضر رہنے کی بنیاد پر خالی قرار دی جا چکی ہے، ڈپٹی اسپیکر نے شیخ وقاص اکرم کی رکنیت کے خاتمے سے متعلق تحریک پر کارروائی کے لیے متعلقہ قواعد کے مطابق اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp