پاکستان میں مقیم پی او آر (Proof of Registration) کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کے لیے ملک چھوڑنے کی حتمی تاریخ 1 ستمبر 2025 مقرر کر دی گئی ہے۔ اس حکومتی فیصلے کے تحت، افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز سمیت غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اب صرف 26 دن میں پاکستان چھوڑنا ہوگا۔
وزارت داخلہ کے مطابق، یہ اقدام ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کو قابو میں لانے اور قانونی و منظم امیگریشن نظام کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انخلا کے دوران انسانی ہمدردی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کسی کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کا انخلا تیزی سے جاری
واپسی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں خوراک، طبی امداد، اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں واپس جانے والے افغان شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
متعلقہ حکام نے افغان مہاجرین سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم ستمبر سے قبل رضاکارانہ طور پر واپسی کے انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی قانونی یا انتظامی کارروائی سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: افغان مہاجرین کے انخلا سے بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟
واضح رہے کہ گزشتہ برس حکومت پاکستان نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت لاکھوں افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں۔ پی او آر کارڈ رکھنے والے افراد کو کافی عرصے سے وقت دیا جا رہا تھا، اور اب حکومت نے واپسی کے لیے حتمی ڈیڈلائن جاری کر دی ہے۔














