کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعمیر کیا جانے والا اہم اور طویل المدتی منصوبہ نیو حب کینال مقررہ وقت سے قبل مکمل کرلیا گیا ہے، جسے شہر کے لیے ایک بڑی کامیابی اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ گزشتہ بائیس برسوں میں کراچی میں پانی کی فراہمی کا پہلا بڑا منصوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے سندھ سے نہریں نکالنے سے متعلق بلاول کا دعویٰ درست ہوا تو عارف علوی کو شوکاز دیں گے، علی محمد خان
افتتاح سے قبل میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے افسران اور ماہرین کے ہمراہ نیو حب کینال کا تفصیلی دورہ کیا، مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، اور تکنیکی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام، کنسلٹنٹس اور منصوبے کی انجینئرنگ ٹیم بھی موجود تھی۔ ماہرین نے منصوبے کو مکمل طور پر فعال اور محفوظ قرار دے دیا۔
میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غیر مصدقہ ویڈیوز اور تصاویر کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیوز دراصل واٹر کارپوریشن نے خود منصوبے کے مختلف مراحل کی دستاویزی ریکارڈنگ کے لیے بنائی تھیں۔ ’اگر کام میں واقعی کوئی خرابی ہوتی تو کیا ہم خود اس کی ویڈیو بناتے؟‘
مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ منصوبے کی ویڈیو پرانی ہے اور افتتاح سے قبل ہر منصوبے میں ٹیسٹنگ کا عمل معمول کا حصہ ہوتا ہے تاکہ کسی ممکنہ خرابی کی بروقت اصلاح کی جا سکے۔
ان کے مطابق نیو حب کینال کی ٹیسٹنگ مرحلہ وار اور تکنیکی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔ ’ہم دو دو کلومیٹر کے سیکشن بنا کر پانی چھوڑتے ہیں تاکہ ہر پہلو سے نظام کی فعالیت کو جانچا جا سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ 13 اگست کو منصوبے کا افتتاح ہر صورت کیا جائے گا اور یہ کراچی کے شہریوں کے لیے پانی کی فراہمی کا ایک مستحکم ذریعہ ثابت ہوگا۔
دوسری جانب پراجیکٹ کنسلٹنٹ نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو تقریباً 25 دن پرانا قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس کا موجودہ صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق پرانی کینال میں جو شگاف دکھائے گئے وہ جان بوجھ کر کیے گئے تھے تاکہ تجرباتی بنیادوں پر پانی چھوڑ کر نظام کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وی نیوز ڈیبیٹ: نہروں کے معاملے پر پنجاب اور سندھ کے وزرائے آبپاشی کے درمیان دلچسپ بحث
واٹر کارپوریشن کے سینیئر انجینیئر ڈاکٹر رافع صدیقی نے کہاکہ نیو حب کینال کراچی کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور شہر کی ترقی میں اداروں کا ساتھ دیں۔