گوادر میں پانی کا بحران، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہنگامی اقدامات کا اعلان

جمعہ 8 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوادر میں طویل خشک سالی اور بارشوں کی کمی کے باعث پیدا ہونے والے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں گوادر میں قلتِ آب سے نمٹنے کے لیے فوری اور طویل المدتی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ جاری آبی منصوبوں کو تیز کیا جائے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:گوادر شپ یارڈ کی تعمیر میں مقامی سطح پر روزگار کو مرکزی حیثیت دی جائے گی، اسحاق ڈار

چیئرمین گوادرپورٹ اتھارٹی نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ واٹر سیلینیشن پلانٹ کو 3 لاکھ گیلن یومیہ کی سطح پر بحال کر دیا گیا ہے، اور اگلے تین دن میں اس کی استعداد 6 لاکھ گیلن یومیہ تک بڑھا دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ بجلی کی بندش کے دوران پلانٹ کو متبادل توانائی پر منتقل کر کے پانی کی ترسیل بلا تعطل جاری رکھی جائے۔

انہوں نے شادی کورڈیم سے پانی کی فراہمی کے لیے رابطے تیز کرنے اورآبی پائپ لائن منصوبے 15 روز میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قلتِ آب سے نمٹنے کے لیے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی کی سربراہی میں مختلف محکموں کے سربراہان پر مشتمل رابطہ کمیٹی قائم کی جائے، جو روزانہ کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو پیش رفت رپورٹ پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں:دن بھر کی مشقت کے باوجود دو وقت کی روٹی سے مجبور گوادر کے ماہی گیروں کی دکھ بھری داستان

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ گوادر میں پانی کی قلت کا مسئلہ ہر صورت حل کیا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش کے مسئلے پر وزیر اعظم اور پاور ڈویژن سے بات کی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ وہ خود آبی صورتحال کی پیش رفت کی نگرانی کریں گے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل نکالا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp