پاکستانی ایتھلیٹ دانش الہیٰ نے امریکی شہر بوسٹن میں منعقدہ معروف میراتھون دوڑ میں شلوار قمیص پہن کر حصہ لیا اور 3 گھنٹے 26 منٹ میں ریس مکمل کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ اعلامیے کے مطابق یہ وقت قومی لباس میں میراتھون مکمل کرنے کا تیز ترین ریکارڈ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنااللہ نے دانش الہیٰ کو اس شاندار عالمی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ چیمپیئنز ملک و قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، ہم سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کی ویلفیئر پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
View this post on Instagram
مزید پڑھیں: میراتھون رنر مونا خان یونان میں پاکستانی پرچم لہرانے پر گرفتار
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ملک میں کھیلوں کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے بھی دانش الہیٰ کو ان کے کارنامے پر یادگاری سووینیئر پیش کیا اور کہا کہ دانش نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
دانش الہیٰ نے اسلام آباد کالج فار گرلز میں پیڈل ٹینس کورٹس کی تعمیر کے لیے تعاون فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا، جو کھیلوں کے فروغ میں ایک اور مثبت قدم ہے۔ یہ ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا کے کسی بھی میدان میں اپنی شناخت اور ثقافت کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔