سکھر میں کپڑے دھوتی خاتون کو مگرمچھ حملہ کرکے پانی میں لے گیا، تاہم شوہر نے چھالانگ لگا کی بیوی کو مگرمچھ سے بچالیا۔
یہ بھی پڑھیں: قصور سے کروڑوں روپے مالیت کا نایاب مگرمچھ برآمد
سکھر کی تحصیل صالح پٹ کے علاقے ریاض آباد میں نارا کینال پر کپڑے دھوتی ایک خاتون پر مگرمچھ نے اچانک حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مگرمچھ خاتون کا پیر جبڑوں میں دبا کر کئی میٹر پانی میں گھسیٹ لے گیا۔
خاتون کی چیخ و پکار سن کر اس کا شوہر، ملاح حب علی، فوراً کینال میں کود گیا اور بیوی ہدایتاں کو مگرمچھ کے جبڑوں سے چھڑوانے میں کامیاب ہوگیا۔ حملے میں خاتون کی ٹانگ بری طرح زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بہن کو بچانے کے لیے مگرمچھ سے بھڑجانے والی بہادر برطانوی خاتون کا دلچسپ قصہ
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نارا کینال میں 250 سے زیادہ مگرمچھ موجود ہیں، جو ماضی میں بھی متعدد افراد پر حملہ کر چکے ہیں۔
مقامی آبادی نے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جاسکے۔