بھارتی دعوے بے بنیاد، ایک بھی پاکستانی طیارہ تباہ نہیں ہوا: خواجہ آصف کا انڈین ایئرچیف کے بیان پر ردعمل

ہفتہ 9 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی فضائیہ کے حالیہ دعوے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارت کو دونوں ممالک کے موجودہ طیاروں کے ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کرانے کا چیلنج دے دیا اور کہاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کا کوئی طیارہ تباہ نہیں ہوا، انڈین ایئر چیف کا تین ماہ بعد سامنے آنے والا بیان مضحکہ خیز ہے۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کسی ایک بھی پاکستانی طیارے کو نہ مار گرا سکا اور نہ ہی تباہ کر پایا۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے تاخیری دعوے نہ صرف غیر معقول ہیں بلکہ انہیں نہایت ناموزوں وقت پر کیا گیا، کیونکہ تین ماہ تک اس نوعیت کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ کے 3 ماہ بعد انڈین فضائیہ جاگ گئی، 6 پاکستانی جہاز تباہ کرنے کا انوکھا دعویٰ

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے وضاحت کی کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے بعد پاکستان نے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی اور تکنیکی بریفنگز فراہم کیں، جن میں غیر جانبدار مبصرین نے بھی متعدد بھارتی طیاروں، بشمول رافیل، کے نقصان کا اعتراف کیا۔ بھارتی طیاروں کی تباہی کے یہ اعترافات مختلف ذرائع سے سامنے آئے، جن میں عالمی رہنما، بھارتی سیاست دان اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس شامل ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق پاکستان نے 6 بھارتی جنگی طیارے، ایس 400 فضائی دفاعی نظام اور بھارت کے متعدد ڈرونز تباہ کیے، جبکہ کئی بھارتی فضائی اڈوں کو بھی ناکارہ بنایا۔ اس کے علاوہ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کے جانی و مالی نقصانات بھی کہیں زیادہ تھے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر حقیقت پر سوال ہے تو دونوں ممالک اپنے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی غیر جانبدارانہ تصدیق کرائیں، کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ اس عمل سے وہ حقائق آشکار ہو جائیں گے جنہیں بھارت چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگیں جھوٹ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری، قومی عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔ ایسے مضحکہ خیز بیانیے محض اندرونی سیاسی فائدے کے لیے گھڑے جاتے ہیں اور یہ ایک ایٹمی خطے میں اسٹریٹجک غلطیوں کے سنگین خطرات کو بڑھا دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کے ہاتھوں 6 بھارتی طیارے گرنے کے چار ماہ بعد بھارتی ائیرچیف مارشل اے پی سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے 4 روزہ جنگ میں پاکستان کے 5 لڑاکا طیاروں سمیت 6 طیارے تباہ کیے۔ بھارتی ائیرچیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی ائیرفیلڈز کو نشانہ بنا کر وہاں کھڑے طیارے تباہ کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: انڈیا نے 3 جنگی جہاز گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کردی

بھارت کی جانب سے 3 ماہ گزرنے کے باوجود ان دعوؤں کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے، جس سے بھارتی فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر مزید سوالات اٹھ کھڑے ہوگئے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان نے 7 مئی کی فضائی جھڑپ کے فوراً بعد رافیل سمیت بھارتی طیاروں کی تباہی کی تفصیلات منظر عام پر رکھ دیں، جن کی تصدیق بھارتی میڈیا رپورٹس سے بھی ہوئی۔ پاک فضائیہ نے تو بھارتی طیاروں کی کمیونیکیشن ہیک کر کے کاک پٹ میں ہونے والی گفتگو تک سنوا دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp