وزیرِاعظم شہباز شریف کا ترکیہ میں زلزلے پر اظہارِ افسوس، ہر ممکن مدد کی پیشکش

پیر 11 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صوبے بالکسر میں آنے والے زلزلے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہماری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہم ترک بہن بھائیوں کی حفاظت اور جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

وزیرِ اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے اس قدرتی سانحے پر دل کی گہرائیوں سے تعزیت کی اور کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں: ’ترکیہ زلزلہ متاثرین کیلیے ریلیف فنڈ، کابینہ ایک تنخواہ عطیہ کرے گی‘

واضح رہے کہ ترکیہ کے شمال مغربی صوبے بالکسر میں اتوار کی شام 6.1 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا جس نے لمحوں میں کئی عمارتوں کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا۔ زلزلے کا مرکز قصبہ سندرگی تھا، جہاں سے دل دہلا دینے والی خبریں سامنے آئیں۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ کے مطابق 81 سالہ خاتون کو ملبے سے زندہ نکالا گیا لیکن چند لمحوں بعد ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ زلزلے سے 16 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں جبکہ 29 افراد زخمی ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp