بھارتی پرستار کو راجت پٹیدار کی فون سم ملتے ہی کوہلی اور ڈی ویلیئرز کے فون آنے لگے

منگل 12 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گاریابند کے نوجوان کے لیے ایک عام سا موبائل سم خریدنا زندگی کا انوکھا تجربہ بن گیا، جب اسے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان راجت پٹیدار کا پرانا نمبر مل گیا اور اس پر ویرات کوہلی، اے بی ڈی ویلیئرز اور دیگر کھلاڑیوں کے فون آنے لگے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ منیش بسی نے جون کے آخر میں دیو بھوگ کے ایک چھوٹے موبائل اسٹور سے سم کارڈ خریدا۔ واٹس ایپ اکاؤنٹ سیٹ اپ کے دوران اس کے دوست نے دیکھا کہ پروفائل تصویر راجت پٹیدار کی ہے، لیکن انہوں نے اس پر خاص دھیان نہ دیا۔ جلد ہی انہیں فون آنے لگے جن میں کال کرنے والے خود کو ویرات کوہلی، اے بی ڈی ویلیئرز، یش دیال اور آر سی بی کے دیگر کھلاڑی بتا رہے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کی تازہ تصویر نے مداحوں کو چونکا دیا

یہ سلسلہ 2 ہفتوں تک چلتا رہا، لیکن جب پٹیدار نے محسوس کیا کہ وہ اپنا واٹس ایپ استعمال نہیں کر پا رہے تو انہوں نے مدھیہ پردیش سائبر سیل میں شکایت درج کرائی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ کمپنی کی پالیسی کے تحت 6 ماہ سے غیر فعال نمبر نئے صارف کو دے دیا گیا تھا۔ پولیس نے وہ نمبر واپس پٹیدار کو لوٹا دیا۔

راجت پٹیدار، جو حال ہی میں آر سی بی کو پہلی آئی پی ایل ٹائٹل جتوانے والے کپتان بنے، مدھیہ پردیش کے معروف بیٹسمین ہیں۔ دوسری طرف منیش اور اس کے دوست کے لیے یہ واقعہ ناقابل یقین اور یادگار رہا، اور وہ امید کرتے ہیں کہ ایک دن پٹیدار سے ملاقات کرکے اس قصے پر ہنس سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp