نیپال نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اگلے 2 سالوں تک اپنے 97 ہمالیائی پہاڑوں پر چڑھائی کو مفت قرار دینے کا اعلان کیا ہے، یہ پہاڑ زیادہ تر دور دراز اور کم مشہور علاقوں میں واقع ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کی بلند ترین چوٹی، ماؤنٹ ایورسٹ، کی کوہ پیمائی کی پرمٹ فیس ستمبر سے بڑھا کر 15 ہزار ڈالر کر دی جائے گی، جو تقریباً ایک دہائی بعد پہلا اضافہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور نیپال کے 4 کوہ پیماؤں نے نانگا پربت پہاڑ سر کرلیا
نیپال کے محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک کے غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات اور مصنوعات کو اجاگر کرنا ہے۔ کوہ پیمائی نیپال کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے، جو دنیا کی 10 بلند ترین پہاڑی چوٹیوں کا گھر ہے۔
گزشتہ سال کوہ پیمائی سے نیپال کو 59 لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوئی، جس کا 75 فیصد سے زیادہ صرف ماؤنٹ ایورسٹ سے حاصل ہوا۔
مزید پڑھیں:پولش کوہ پیما کو براڈ پیک پر حادثہ، نیپالی ٹیم نے ریسکیو کرلیا
جن پہاڑوں پر فیس معاف کی گئی ہے وہ نیپال کے صوبہ کرنالی اور سدورپشچم میں واقع ہیں، جن کی بلندی 5,970 میٹر سے 7,132 میٹر تک ہے، یہ دونوں صوبے ملک کے انتہائی پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں شمار ہوتے ہیں۔
محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر ہمل گوتم کے مطابق، دلکش خوبصورتی کے باوجود یہاں آنے والے سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی تعداد بہت کم ہے کیونکہ رسائی مشکل ہے۔ ’ہمیں امید ہے کہ نیا اقدام مددگار ثابت ہوگا، اس سے روزگار پیدا ہو سکتا ہے، آمدنی بڑھے گی اور مقامی معیشت مضبوط ہوگی۔‘
مزید پڑھیں: متنازع راستے سے ایورسٹ تک پہنچنے والے برطانوی سابق فوجیوں کیخلاف نیپال کا بڑا ایکشن
تاہم یہ واضح نہیں کہ حکومت نے ان دور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور رسائی کو بہتر بنانے کا کوئی منصوبہ بنایا ہے یا نہیں، اور اگر یہ مہم کامیاب ہوئی تو مقامی کمیونٹیز اضافی کوہ پیماؤں سے کس حد تک نمٹ سکیں گی۔
تاریخی طور پر کوہ پیماؤں کی ان 97 چوٹیوں میں دلچسپی کم رہی ہے، پچھلے 2 سالوں میں صرف 68 کوہ پیما یہاں پہنچے، جبکہ صرف 2024 میں ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے لیے 421 پرمٹ جاری ہوئے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے نیپال کا کون سا ریکارڈ توڑ دیا؟
ماؤنٹ ایورسٹ، جس کی بلندی 8,849 میٹر سے زائد ہے، حالیہ برسوں میں بھیڑ، ماحولیاتی مسائل اور متعدد مہلک حادثات کا شکار رہا ہے۔ اپریل 2024 میں نیپال کی سپریم کورٹ نے حکومت کو ایورسٹ اور دیگر چوٹیوں کے لیے پرمٹ کی تعداد محدود کرنے کا حکم دیاتھا۔
جنوری 2025 میں حکومت نے پرمٹ فیس میں 36 فیصد اضافہ کیا، اپریل سے مئی کے عروج کے موسم کے علاوہ، ستمبر سے نومبر میں ایورسٹ پر چڑھنے کی فیس 7,500 ڈالر اور دسمبر سے فروری میں 3,750 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: گوگل میپ نے پھر دھوکا دیدیا، نیپال جانے والے سائیکلسٹ بھارت میں بھٹک گئے
نیپال کی پارلیمنٹ ایک نئے قانون پر بھی غور کر رہی ہے، جس کے تحت ایورسٹ پر چڑھنے کے خواہشمند کو پہلے نیپال میں 7,000 میٹر سے بلند کسی پہاڑ کو سر کرنا ہوگا، اس تناظر میں کرنالی اور سدورپشچم کے پہاڑوں کو ’مثالی تربیتی میدان‘ قرار دیا جا رہا ہے۔