کرناٹک کے ضلع تُماکور میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب 7 اگست کو پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک آوارہ کتا انسانی بازو منہ میں لیے گھوم رہا ہے۔ پولیس فوراً کوراٹاگیرے کے چِمپُوگاناہلّی گاؤں پہنچی، جہاں سے 5 کلومیٹر کے دائرے میں تلاشی کے دوران عورت کے جسم کے ٹکڑے 19 مختلف مقامات سے برآمد ہوئے، البتہ سر غائب تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ مقتولہ ایک خاتون ہے۔ اس کے جسم پر موجود زیورات سے ظاہر ہوا کہ یہ واردات لوٹ مار کے لیے نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیے انڈیا: ضعیف خاتون کو ‘چڑیل’ قرار دے کر قتل کردیا گیا، منصوبہ 5 سال پرانا تھا
لاپتہ خواتین کی فہرست میں 42 سالہ بی لکشمی دیوی عرف لکشمی دیواما کا نام نمایاں ہوا، جنہیں شوہر باسوراج نے 3 اگست کو بیٹی تیجسوی کے گھر سے روانہ ہونے کے بعد لاپتہ رپورٹ کرایا تھا۔ 2 دن بعد، مقتولہ کا سر کوراٹاگیرے کے ایک سنسان مقام سے ملا، جسے شوہر نے شناخت کر لیا۔
سفید ایس یو وی اور جعلی نمبر پلیٹیں
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ 3 اگست کی دوپہر ایک سفید ایس یو وی ہانومانتاپورا سے کوراٹاگیرے کی سمت گئی تھی، جس پر آگے اور پیچھے الگ الگ جعلی نمبر پلیٹیں لگی ہوئی تھیں۔ مزید سراغ ملا کہ گاڑی پہلے ستیش نامی کسان کے نام رجسٹر تھی، لیکن اصل خریدار تُماکور میں رہنے والا دانتوں کا ڈاکٹر رام چندر تھا۔
رشتے میں تنازع
ڈاکٹر رام چندر مقتولہ کی بیٹی تیجسوی کے شوہر ہیں۔ پولیس کے مطابق، ڈاکٹر کو شک تھا کہ ساس اس کی شادی میں مداخلت کر رہی ہے اور بیٹی پر غلط دباؤ ڈال رہی ہے۔ وہ اس بات کو اپنے خاندان کے لیے خطرہ سمجھتا تھا۔ 6 ماہ قبل ڈاکٹر نے ساس کے قتل کا منصوبہ بنایا، ایس یو وی ستیش کے نام پر خریدی اور ستیش اور کرن کو 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کر کے اپنے ساتھ ملا لیا۔ جب کہ 50 ہزار روپے ایڈوانس میں دیدیے۔
یہ بھی پڑھیے شوہر کو کیسے قتل کیا جائے؟ بھارتی خاتون نے یوٹیوب سے طریقہ سیکھ کر ’کامیاب واردات’ کر ڈالی
قتل اور اعضا کی منتقلی
3 اگست کو لکشمی دیوی جیسے ہی بیٹی کے گھر سے نکلیں، ڈاکٹر نے لفٹ دینے کے بہانے انہیں گاڑی میں بٹھایا۔ گاڑی کے اندر ستیش اور کرن پہلے سے موجود تھے۔ انہوں نے خاتون کو گلا گھونٹ کر قتل کیا اور لاش ستیش کی زمین پر لے گئے۔ اگلے دن، تیز دھار اوزار سے جسم کو جوڑوں سے الگ کر کے 19 سنسان مقامات پر پھینک دیا۔ پولیس کے مطابق، جسم کاٹنے کا عمل انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے مرد نے پارٹنر اور اسکی 3 سالہ بیٹی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا، لپ اسٹک سے دیوار پر اعتراف جرم تحریر کیا
پولیس نے ڈاکٹر رام چندر، ستیش اور کرن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔