کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اعلان کیا ہے کہ مئی۔جون 2025 کے سیشن کے اے ایس اور اے لیول کے نتائج آج جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہزاروں طلبہ اپنے نتائج کے منتظر ہیں، آئی جی سی ایس ای او لیول کے نتائج اگلے ہفتے جاری ہوں گے۔
کیمبرج کے اے لیول اور او لیول کے امتحانات عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ صرف پاکستان میں ہر سال تقریباً 10 ہزار طلبہ یہ امتحانات دیتے ہیں۔
نتائج کیسے دیکھیں؟
طلبہ اپنے اے ایس اور اے لیول کے نتائج کیمبرج انٹرنیشنل کے آفیشل رزلٹ پورٹل کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں، https://myresults.cie.org.uk/cie-candidate-results/login
گزشتہ ماہ، کیمبرج نے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا، جب جنوبی ایشیا میں کیمبرج انٹرنیشنل اسکولز کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی، جو اس خطے میں بین الاقوامی تعلیم کی بڑھتی ہوئی طلب کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دعائیں رنگ لے آئیں، کیمبرج کے طلبا و طالبات کے لیے اہم خبر
گزشتہ سال کے مقابلے میں جنوبی ایشیا میں کیمبرج اسکولز کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ہوا، 24-2023 میں 894 سے بڑھ کر25-2024 میں 1,034 ہو گئی، نئے اسکولز میں سے 81 فیصد سے زائد بھارت میں قائم ہوئے۔
جنوبی ایشیا میں کیمبرج انٹرنیشنل اسکولز کا 75 فیصد سے زیادہ حصہ بھارت میں موجود ہے، جبکہ 12 فیصد بنگلہ دیش میں ہیں، بھارت میں ان اسکولز کا 53 فیصد ٹیئر 1 شہروں میں ہے، جبکہ ٹیئر 2 اور ٹیئر 3 شہروں میں 47 فیصد اسکولز ہیں، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ بین الاقوامی تعلیم چھوٹے شہروں اور قصبوں تک بھی پھیل رہی ہے۔