میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں مزارِ قائد اور لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی شاندار اور پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد، اتحاد اور ترقی کے عزم کا اعادہ
اس موقع پر ملک بھر میں جشنِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند 91 کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل تھے جن میں ایک پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا پاکستان نیوی کے کیڈٹس کا تھا، جبکہ چار خواتین کیڈٹس بھی اس دستے میں شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات، معرکہ حق کی فتح کی مرکزی تقریب میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ
تقریب کے بعد مہمانِ خصوصی کموڈور تصور اقبال نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
ادھر لاہور میں مزارِ اقبال پر بھی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کا چارج پاکستان آرمی کو منتقل کر دیا۔














