سابق بھارتی کرکٹر یوگراج سنگھ نے بھارت کے ون ڈے کپتان روہت شرما کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت کے لیے مزید 5 سال کھیلنا چاہیے۔ روہت شرما کی کلاس اور ہنر ایسا ہے کہ وہ چاہیں تو 45 سال کی عمر تک کھیل سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوگراج نے کہا کہ روہت شرما جس کے بارے میں لوگ فضول باتیں کرتے ہیں، ان کے بیٹنگ انداز نے ایک طرف ان کی ٹیم اور دوسری طرف دنیا کے مقابلے میں الگ کلاس دکھائی۔
مزید پڑھیں: روہت شرما ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائر، اگلا کپتان کون ہوگا؟
میں کہتا ہوں کہ روہت، ہمیں آپ کی 5 سال اور ضرورت ہے، کام جاری رکھیں، فٹنس پر کام کریں۔ اور میں کہوں گا، ان پر 4 کھلاڑی لگائیں، اور ہر صبح 10 کلومیٹر دوڑائیں۔
یوگراج سنگھ نے ان لوگوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو بغیر کسی مقابلہ جاتی تجربے کے روہت کی فٹنس اور کھیل پر بات کرتے ہیں اور کہا کہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فٹنس برقرار رکھنی چاہیے۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما کے مستقبل کا فیصلہ ہوگیا؟
واضح رہے کہ روہت شرما نے حال ہی میں ٹی20 انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کا اختتام کیا اور اب صرف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی قیادت اور اوپننگ بیٹنگ کر رہے ہیں۔
ان کا آخری میچ مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا فائنل میچ تھا، جس میں انہوں نے 83 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔