امریکا میں مقامی قبائل کا سب سے بڑا ثقافتی اجتماع ’گیدرنگ آف نیشنز پاووا‘ اگلے سال اپنے آخری ایونٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔
یہ سالانہ تقریب گزشتہ 40 برس سے زائد عرصے تک نیو میکسیکو میں جاری رہی ہے جس میں 600 سے زیادہ مقامی امریکی قبائل شریک ہوتے رہے۔

تقریب کے منتظمین نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ البوکرکی میں منعقد ہونے والا یہ میلہ اب ختم کیا جا رہا ہے۔
اس اجتماع میں ہر سال ہزاروں رقاص اور گلوکار رنگا رنگ روایتی لباس میں شریک ہوکر اپنی ثقافت، موسیقی، کھانوں اور دستکاری کو پیش کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت ریکارڈ حد تک گر گئی
گزشتہ برسوں میں تقریب میں شریک افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ چار ملین سے زیادہ افراد نے آن لائن دیکھنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔
اس اجتماع کے بارے میں منتظمین نے مختصر پیغام جاری کیا کہ ’ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے‘۔

یہ اجتماع نیو میکسیکو کی معیشت میں بھی بڑا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ یونیورسٹی آف نیو میکسیکو کے پروفیسر ریلی وائٹ کے مطابق پاووا سے شہر کو سالانہ تقریباً 30 ملین ڈالر کی معاشی سرگرمی حاصل ہوتی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ساتھ معاشی جھٹکا اور ثقافتی نقصان ہے۔

تنقید کے باوجود کہ یہ ایونٹ مقامی امریکی ثقافت سے منافع کمانے کا ذریعہ تھا، منتظمین نے ہمیشہ ان الزامات کو رد کیا۔
آئندہ سال 43واں اور آخری اجتماع ’دی لاسٹ ڈانس‘ کے عنوان سے منعقد ہوگا جس کے بعد یہ تاریخی روایت ختم ہو جائے گی۔














