کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان چھٹا سہ فریقی اجلاس ہوا، جس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا۔ تینوں ممالک نے علاقائی ترقی، تجارت اور روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کا سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 20 اگست کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی جبکہ تجارت، ٹرانزٹ، صحت، تعلیم، ثقافت اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے تعاون کو گہرا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ مذاکرات بھی ہوئے جن میں اقتصادی و سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے اور دونوں ممالک کی صنعت و تجارت کی وزارتوں کے درمیان روابط مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا افغانستان کے لیے ناظم الامور کو سفیر کے عہدے پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کابل کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ ان کے ہمراہ افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ محمد صادق اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔