پوپ لیو چہار دہم نے بدھ کے روز اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمعہ (22 اگست) کو مسیحی برادری روزہ رکھے اور امن کے لیے دعا کرے۔
یہ بھی پڑھیں:میڈونا کی پوپ لیو سے اپیل: غزہ کا فوری دورہ کریں، بچے متاثر ہو رہے ہیں
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں پوپ نے کہا کہ میں تمام اہل ایمان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ روزہ اور دعا میں شریک ہوں تاکہ خداوند ہمیں امن و انصاف عطا کرے اور مسلح جھڑپوں سے متاثرہ لوگوں کے آنسو پونچھے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دعا ہے کہ حضرت مریم، ملکۂ امن، قوموں کو امن کا راستہ دکھائیں۔
ویٹیکن کی رپورٹ کے مطابق پوپ نے یہ پیغام اپنے ہفتہ وار خطاب کے دوران دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو ملکۂ مریم مقدسہ کی یادگاری تقریب منائی جائے گی، اور اسی مناسبت سے اہل ایمان کو روزہ رکھنے اور دعا کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پوپ لیو اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے درمیان غزہ تنازع پر پہلا باضابطہ رابطہ
پوپ لیو نے اپنے خطاب میں دنیا کے جاری تنازعات، خصوصاً مشرق وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کا دن اس مقصد کے لیے وقف کیا جائے کہ ہم خدا سے امن و انصاف کی دعا کریں۔