چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں پاکستان کی خودمختاری کے لیے مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آذربائیجان کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نواز دیا گیا
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنی حمایت کے عزم کو ایک بار پھر واضح کیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقائی و عالمی فورمز پر تعاون اور رابطہ کاری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ وانگ ژی نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقاتیں کی تھیں جن میں دو طرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔