پاکستان کے جشنِ آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے اٹلی کے دارالحکومت روم میں ’چونسہ جیلاٹو فیسٹیول‘ کا شاندار آغاز ہوگیا۔ اس تقریب کا انعقاد پاکستانی سفارتخانہ روم نے پبلک ڈپلومیسی ایونٹ کے طور پر کیا، جس کا مقصد پاکستان کی اعلیٰ زرعی مصنوعات کو اجاگر کرنا اور اطالوی عوام کو پاکستانی ثقافت سے قریب تر لانا تھا۔
ترجمان پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق فیسٹیول کے انعقاد میں روم کے معروف اور اعلیٰ درجے کے آئس کریم ساز ادارے فریجیڈیریم (Frigidarium) نے خصوصی تعاون کیا۔ فیسٹیول کا آغاز شہر کے مرکزی علاقے پیازا ناوونہ میں کیا گیا، جہاں اطالوی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی آم کی وسط ایشیائی ریاستوں تک ترسیل، این ایل سی کا کنٹینر تاشقند پہنچ گیا
تقریب میں اطالوی ہنرمندانہ جیلاٹو سازی کو پاکستان کے مٹھاس بھرے چونسہ آم کے ساتھ جوڑ کر پیش کیا گیا۔ شرکا نے پاکستانی آم اور اطالوی جیلاٹو کے اس منفرد امتزاج کو بے حد پسند کیا اور بارہا اس ذائقے کو ’کمال فیوژن‘ قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق ’چونسہ جیلاٹو فیسٹیول‘ ایک ہفتے تک جاری رہے گا اور عوامی پذیرائی حاصل کرے گا۔
فیسٹیول میں فریجیڈیریم اور جیلاٹو ماسٹرو کے بانی فبریزیو نے بھی شرکت کی اور پاکستانی چونسہ آم کی مٹھاس، ذائقے اور خوشبو کی ہم آہنگی کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پھل شاندار معیار کا حامل ہے، اس کی قدرتی مٹھاس لاجواب ہے اور پاکستانی آم جیلاٹو بنانے کے لیے بہترین ہے۔
اس موقع پر اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے فبریزیو اور فریجیڈیریم کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ مستقبل میں پاکستان کی اعلیٰ زرعی مصنوعات جیسے کاغذی بادام، اخروٹ، خوبانی اور بلوچستان و خیبرپختونخوا کا زعفران اطالوی مارکیٹ میں متعارف کرائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کا لمبے دانے والا چلغوزہ دنیا کا نایاب اور بہترین خشک میوہ ہے، جسے ماہرین عالمی سطح پر منفرد مقام دیتے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے اعلان کیا کہ پاکستان کا قومی دن (23 مارچ) چونکہ کینو کے سیزن کے ساتھ آتا ہے، اس لیے اگلی بار پاکستانی کینو فریجیڈیریم کو بطور تحفہ پیش کیا جائے گا تاکہ ’کینو جیلاٹو‘ تیار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی سفارتخانہ اپنی اعلیٰ زرعی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوشاں ہے۔
فبریزیو نے بھی مستقبل میں نئی مصنوعات کے ساتھ مزید تجربات کرنے اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی آموں کی چین میں دھوم، دوسری کھیپ گوانگسی پہنچ گئی
تقریب میں اطالوی عوام، سفارتکاروں، تاجروں اور حکومتی نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق یہ تقریب یومِ آزادی اور معرکہ حق کی خوشی میں اطالوی سول سوسائٹی کو شریک کرنے کی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔