مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ ماضی میں غیراخلاقی ویڈیوز بناتے رہے ہیں، جس پر وہ پوری قوم سے معافی مانگتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:’قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے‘ رجب بٹ، ڈکی بھائی کی حمایت میں بول پڑے
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ ایپلیکیشنز کی پروموشن بھی کی، بغیر اس بات کی تصدیق کے کہ ان کو پاکستان میں قانونی اجازت ہے یا نہیں، اور اس پر بھی وہ معذرت خواہ ہیں۔
پس منظر
واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو چند روز قبل ایف آئی اے نے ایک مبینہ متنازع ’ٹریڈنگ/گیمبلنگ ایپ‘ کی پروموشن کے الزام میں لاہور سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق اس ایپ کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان ہوا، جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
گرفتاری کے بعد انہیں ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا، جہاں گزشتہ روز ان کی دوبارہ پیشی ہوئی۔
رجب بٹ کا ردعمل
ڈکی بھائی کی گرفتاری اور کیس پر یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے اور وہ بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ ایسی صورتحال میں فیملی پر کتنا دباؤ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈکی بھائی کے بعد سسٹرولوجی کا گھر خریدنے کا راز فاش، پراپرٹی ڈیلر نے پول کھول دیا
انہوں نے کہا کہ ڈکی بھائی کو پہلی پیشی پر ہی رہا ہو جانا چاہیے تھا، لیکن شاید کیس کے پیش کرنے کے انداز کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔
رجب بٹ کے مطابق ڈکی بھائی، وہ خود اور ہزاروں انفلوئنسرز نے اس ایپ کی پروموشن کی تھی جو بظاہر ایک ٹریڈنگ ایپ ہے۔ اگر یہ جوا ہے تو اس کے خلاف شروع سے کارروائی ہونی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی شرٹس پر بھی ایسی ایپس کے نام نمایاں ہوتے ہیں، لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔ اگر ڈکی بھائی اپنی غلطی کی وجہ سے اندر ہیں تو پھر ان تمام کھلاڑیوں، چینلز اور انفلوئنسرز کو بھی گرفتار کیا جانا چاہیے جو جوئے کی ایپس کی پروموشن کرتے ہیں۔














