آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو 276 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
میکے میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر شاندار 431 رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن بن گیا
پروٹیز ٹیم ہدف کے تعاقب میں ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور 25 ویں اوور میں پوری ٹیم محض 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلوی اوپنرز مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کے آغاز سے ہی جنوبی افریقی باؤلرز پر تابڑ توڑ حملے شروع کیے۔ دونوں نے مل کر 250 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنرشپ بنائی، جو پروٹیز کے خلاف نیا ریکارڈ ثابت ہوئی۔ ٹریوس ہیڈ 142 اور مچل مارش 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد آنے والے بیٹر کیمرون گرین نے بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور محض 55 گیندوں پر 118 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل ڈالی۔ ان کے ساتھ الیکس کیری بھی ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 50 رنز جوڑے، یوں آسٹریلیا نے 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
آسٹریلوی بلے بازوں میں کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ اور کپتان مچل مارش تینوں نے سینچریاں جڑیں۔
جوابی بیٹنگ میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی دباؤ برداشت نہ کر سکے اور صرف 22 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھے۔ وکٹیں گرنے کا یہ سلسلہ آخر تک جاری رہا اور پوری ٹیم 25 ویں اوور میں 155 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ یہ دن ہماری ٹیم کے لیے یادگار رہا، بیٹرز نے لاجواب کارکردگی دکھائی، تاہم ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ جنوبی افریقہ نے ابتدائی دونوں میچوں میں بہترین کھیل پیش کر کے ہمیں مشکل میں ڈالا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف مسلسل 5ویں دو طرفہ ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی
قابلِ ذکر ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم نے اپنے اہم فاسٹ بولرز نانڈرے برگر اور لنگی نگیدی کو آرام دیا تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں نے ان کی بیک اپ بولنگ لائن اپ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ پہلے دونوں میچ جیت کر سیریز پہلے ہی 1-2 کے فرق سے اپنے نام کر چکا ہے۔