پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد بڑھانا ہوگی، وزیر اعظم نے خبردار کردیا

جمعرات 28 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے، قلیل، درمیانی اور طویل المدتی حکمت عملیاں بنائے بغیر چیلنجز پر قابو ممکن نہیں۔

نارووال میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاق، چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مل کر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا ہوگا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور تمام متعلقہ اداروں کے انتھک ٹیم ورک کی بدولت بہت زیادہ متوقع نقصان کو کم سے کم کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی سیلاب سے بچاؤ کے لیے بند کھولنے کی ہدایت

وزیراعظم نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کی طرح اب بھی جانی و مالی نقصانات کا خدشہ ہے، لیکن پیشگی اطلاعات کے نظام سے بڑے نقصان سے بچا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموں اور چھوٹے آبی ذخائر کی فوری تیاری ناگزیر ہے۔

 ’میں سمجھتا ہوں کہ 2022 میں اس طرح کی آفت میں کلاؤڈ برسٹ ہوئے فلیش فلڈز آئے اور پھر جو تباہی ہوئی، اس کا بنیادی نشانہ سندھ اور بلوچستان تھے اور پھر کسی حد تک خیبرپختونخوا اور ایک آدھ جنوبی پنجاب کے اضلاع تھے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق لاکھوں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، کئی سو بلین ڈالرز کا پاکستان کی معشیت کا نقصان پہنچا۔ ’یہ بات اب عیاں ہے کہ پاکستان بدقسمتی سے سرفہرست ان 10 ممالک میں شامل ہے جو قدرتی آفات کے نشانے پر ہیں۔‘

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیر اعظم نے کہا کہ اب ہمیں اپنے ذہنوں میں قطعیت کے ساتھ اجاگر کرلینا چاہیے کہ اس نوعیت کی قدرتی آفات اب آئندہ سالوں میں دہرائے جانیوالا عمل ہے، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم کس طرح اس چیلنج کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاق سمیت چاروں اکائیوں کا مل کر اس چیلنج کیخلاف مقابلے کا عزم کیا۔

وزیر اعظم نے پانی کے ذخائر کی استعداد بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرح فلیش فلڈز میں کمی اور سیلابی اثرات کو کم از کم کرنے کا عمل بھی کنٹرول ہوسکے گا، انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیے بغیر کوششیں فائدہ مند نہیں ہوں گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات  عطاء اللہ تارڑ ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدرملک اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی وزرا کو فیلڈ میں جانے کی ہدایت

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کوپنجاب کے دریائوں میں طغیانی اورزیر آب علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ نارووال سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، تمام اداروں نے بروقت اور مربوط اقدامات اٹھائے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp