کوئی بھی مرد ہیمامالنی کو مجھ پر ترجیح دیتا، دھرمیندرکی پہلی بیوی کا اعتراف

جمعرات 28 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار دھرمیندر کی شادی 1954 میں پرکاش کور سے ہوئی، جو ان کے بالی ووڈ ڈیبیو سے کئی سال پہلے کی بات ہے، اس جوڑے کے ہاں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں پیدا ہوئیں, سنی، وجیتا، اجیتا اور بوبی۔

تاہم 1970 میں دھرمیندر کی پہلی ملاقات خوبرو اداکارہ ہیما مالنی سے فلم ’تم حسین میں جوان‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، تاہم ان کی محبت اصل معنوں میں 1975 کی فلم’شعلے‘ کے سیٹ پر پروان چڑھی۔

بالآخر دونوں نے 1980 میں شادی کر لی، لیکن دھرمیندر اپنی پہلی بیوی سے علیحدہ نہ ہوئے، اس شادی کے بعد لوگوں نے دھرمیندر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں عیاش بھی قرار دیا، مگر پرکاش کور اپنے شوہر کے دفاع میں سامنے آئیں۔

یہ بھی پڑھیں:فلم ’شعلے‘: دھرمیندر اور ہیما مالنی کی شاندار اداکاری کے پیچھے کیا تھا، بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کے انکشافات

1981 میں اسٹار ڈَسٹ میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پرکاش کور کا مؤقف تھا کہ صرف ان کے شوہر کیوں، کوئی بھی مرد ہیما مالنی کو ان پر ترجیح دیتا۔’میرے شوہر کو عیاش کہنے کی کسی کو کیا جرات ہے، جب کہ آدھی انڈسٹری یہی کچھ کر رہی ہے۔‘

پرکاش کور کا مطلب تھا کہ تمام ہیرو افیئرز کر رہے ہیں اور دوسری شادی بھی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق دھرمیندر شاید سب سے اچھے شوہر نہ ہوں، لیکن ان کے ساتھ بہت اچھے ہیں، اور یقیناً سب سے بہترین والد بھی۔ ’ان کے بچے ان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور وہ کبھی انہیں نظرانداز نہیں کرتے۔‘

شوہر کی دوسری بیوی ہیما مالنی کے بارے میں پرکاش کور کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ سکتی ہیں کہ ہیما کس کرب سے گزر رہی ہے کیونکہ اسے دنیا، رشتہ داروں اور دوستوں کا سامنا بھی کرنا ہے لیکن اگر وہ ہیما کی جگہ ہوتی، تو ایسا کبھی نہ کرتیں۔

مزید پڑھیں:ایشا دیول کی پیدائش کے وقت دھرمیندر نے ہیما مالنی کے لیے پورا اسپتال کیوں بک کرایا تھا؟

’ایک عورت کی حیثیت سے میں اس کے جذبات کو سمجھ سکتی ہوں، مگر بیوی اور ماں کی حیثیت سے میں انہیں قبول نہیں کر سکتی۔‘

دوسری شادی کے باوجود پرکاش کور نے دھرمیندر کے لیے اپنی عزت و احترام کو قائم رکھا، انہوں نے کہا کہ وہی ان کی زندگی کے پہلے اور آخری مرد ہیں اور ان کے بچوں کے والد بھی، انہوں نے دھرمیندر کی دوسری شادی کو اپنی تقدیر کا حصہ مان لیا۔

’جب بھی ضرورت پڑی، دھرمیندر میرے ساتھ کھڑے رہے، میں ہمیشہ انہیں ایک اچھے انسان اور والد کے طور پر یاد رکھوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp