راولپنڈی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مزید 11 مریض لائے گئے جس کے بعد سیزن کے مریضوں کی تعداد 99 تک پہنچ گئی۔
اسپتالوں میں اس وقت 46 مریض داخل ہیں جن میں سے 17 میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ باقی کے خون کے ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مری میں ڈینگی کی صورتِ حال: 56 مریضوں کی تصدیق، 9 ہسپتال میں داخل
راولپنڈی میں ڈینگی کے نئے مریضوں کا تعلق ڈھوک بابو عرفان، صدیق آباد، بھڈانہ، کالیال، رحمت آباد، دھمیال، گرجا، واہ کینٹ، راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹس سے ہے۔
دوسری جانب مری میں ڈینگی کے 6 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں مریضوں کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔ مری تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں اس وقت 22 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 9 میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایم این ایز طاہرہ اورنگزیب، ملک ابرار اور دانیال چوہدری، ارکان صوبائی اسمبلی اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور مری میں 46 ڈینگی مریضوں کی تصدیق، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے جرمانہ
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کنٹونمنٹ علاقوں میں ڈینگی سرویلنس کے بارے میں پوچھا تاہم اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ضلع کی تمام یونین کونسلز اور کنٹونمنٹ وارڈز میں فوری طور پر فوگنگ کرائی جائے۔













