اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سیکٹر جی 9 اور جی 8 میں شورومز کے خلاف غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے خود آپریشن کی نگرانی کی اور اس دوران شورومز کی انتظامیہ اور مارکیٹ یونین سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کو ہٹایا گیا جبکہ مراکز کے اطراف ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں پولیس ناکہ پر فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ ایسے آپریشن وفاقی دارالحکومت کے تمام علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کیے جائیں گے اور غیر قانونی پارکنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیاں صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد شہریوں کو تنگ کرنا نہیں بلکہ اسلام آباد میں پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک رواں دواں رہے۔