بھارتی فوج کے ایک سابق جنرل کی ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ بیان کررہا ہے۔
معروف صحافی حامد میر نے یہ ویڈیو ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ جس میں بھارتی فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے آبی جارحیت کی حکمت عملی واضح کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
This retired Indian General Kanwaljeet Singh Dhiloon is dreaming to destroy Pakistan by using water as a weapon. Just look at his mentality. Intellectually dishonest and corrupt. He is trying to please RSS because he need another govt job next year. Bloody job seeker. pic.twitter.com/A3unMYznh1
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) September 1, 2025
یہ بھی پڑھیں: بھارت پانی روکتا ہے تو یاد رکھے اس کا ایک تہائی پانی چین سے آتا ہے، مصدق ملک کی وارننگ
ویڈیو میں جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں کھلے عام اعتراف کرتے ہیں کہ بھارت کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت موجود ہے اور وہ چاہیں تو رات کے وقت اچانک پانی پاکستان کی طرف چھوڑ سکتے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان کے پاس نہ تو پانی ذخیرہ کرنے کی اتنی گنجائش ہے اور نہ ہی وہ اسے مؤثر انداز میں استعمال کر سکتا ہے، اس لیے اچانک چھوڑے گئے پانی سے وہاں تباہ کن سیلاب آ سکتا ہے۔
ریٹائرڈ جنرل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت یہ حکمت عملی دہراتا رہے گا، یعنی گرمیوں میں فصلوں کے لیے ضرورت کے وقت پانی روک لیا جائے اور برسات کے دنوں میں جب پانی کی ضرورت نہ ہو تو اسے چھوڑ دیا جائے، اس طرح پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، کیا بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے؟
ایک سوال کے جواب میں کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے مزید متعصبانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہاکہ سندھ طاس معاہدہ دراصل پاکستان اور بھارت کے درمیان محض دو طرفہ معاہدہ ہے، یہ کوئی عالمی معاہدہ نہیں، اس لیے بھارت جب چاہے پانی روک سکتا ہے اور جب چاہے چھوڑ سکتا ہے۔