9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کے باعث نویں اور دسویں جماعت کے ملتوی ہونے والے پرچوں کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
لاہور اور راولپنڈی میں ملتوی شدہ پرچہ جات اب 17، 18 اور 19 مئی کوہوں گے،جب کہ پشاور میں ملتوی ہونے والے پیپرز 19 سے 23 مئی کے درمیان منعقد کیے جائیں گے۔
ملتان بورڈ نے جماعت نہم کا منسوخ کیا گیا کیمسٹری کا پرچہ 17 مئی کو لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملتان بورڈ کا ترجمۃ القرآن اور اتھیکس کا پرچہ کل بروز پیر کو ہو گا۔
دوسری جانب برٹش کونسل نے پاکستان بھر میں کیمبرج اسکول سسٹم کے تحت اے اور او لیول کے منسوخ پرچوں کے نتائج میں طلبہ کو انہی مضامین کے دیگر پرچوں کی اوسط سے نمبرز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
’کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن‘ کے ٹائم ٹیبل کے مطابق 10 اور 11 مئ کو منسوخ ہونے والے مضامین میں فزکس، بیالوجی، تاریخ، لاطینی، فرنچ، اردو، جرمن، چائنیز، تھائی، سوشیالوجی، بزنس، اسلامک اسٹڈیز اور کیمسٹری شامل تھے۔