پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
اسد قیصر نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بڑے غرور اور تکبر کے ساتھ کہا کہ عمران خان کا دور ختم ہو گیا ہے اور دنیا آگے بڑھ گئی ہے، لیکن میں ان کا چیلنج قبول کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:2018 کی حکومت نہیں لینی چاہیے تھی، غلطی کی، اسد قیصر
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کا جھوٹا بیانیہ بنایا جو سب کے سامنے ہے، جبکہ موجودہ حکومت ووٹ چوری کر کے بنائی گئی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتیں ایک ساتھ ہوں، ہمیں صرف لیول پلیئنگ فیلڈ دے دی جائے، پھر دیکھ لیں کہ عوام کس کو منتخب کرتے ہیں۔
انہوں نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنے قول میں سچے ہیں تو صاف اور شفاف الیکشن کرائیں اور صرف 10 نشستیں جیت کر دکھا دیں۔ عوام کے پاس جا کر مینڈیٹ لیں، سب کچھ واضح ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسد قیصر پی ٹی آئی میں مشاورت اور پالیسی سازی سے لاتعلق، بڑی بات کہہ دی
انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین ہمارے عقیدے، اعتقاد اور عوامی جذبات سے جُڑے ہیں۔ یہ کسی پارٹی کا معاہدہ نہیں بلکہ ریاست سے ریاست کا معاہدہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
اسد قیصر نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کی حرمین شریفین کے ساتھ کمٹمنٹ ہے اور عوام ان کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔