وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہم پر تنقید کرنے والے اپنے صوبے میں کام کر لیتے تو وہاں کے متاثرین کا بھی بھلا ہوتا۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے سیلاب کے دوران 25 لاکھ افراد کی مدد کی، پنجاب پر تنقید اس لیے ہورہی ہے کہ پنجاب کام کررہا ہے۔
سیلاب سروے مہم کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ راتیں جاگ کر متاثرین کی خدمت کی۔ جب تصویریں بنتی ہیں تو عوام کو احساس ہوتا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، کام کرنے والے ہی کیمروں کا سامنا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی سادگی اور خدمت سیلاب متاثرین کے دلوں میں گھر کر گئی
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب عملی اقدامات میں مصروف ہے جبکہ دیگر لوگ صرف تنقید کر رہے ہیں۔ دفتر میں بیٹھ کر تصاویر بنوانا آسان ہے، لیکن اصل سکون چپ کرکے بیٹھنے میں نہیں بلکہ کام کرنے میں ہے۔
یہ میری کابینہ ہے، میرے ساتھ کھڑی ایک مضبوط ٹیم۔ اگر میں ان کے نام نہ لوں تو یہ زیادتی ہوگی۔ دن رات 18، 18 گھنٹے ڈیرے ڈال کر متاثرین کے لیے کام کیا۔ ایسی ہی قربانیوں سے حقیقی قیادت کی پہچان ہوتی ہے
وزیراعلیٰ مریم نواز pic.twitter.com/x0ykL2yyrk
— waleed Qureshi (@waleedQu15) September 27, 2025
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو واضح پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پنجاب حکومت ان کے ساتھ ہے۔ صوبے کے حکمران محلات میں سونے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر خدمت کر رہے ہیں۔ دو سے3 ماہ میں پنجاب کی حالت ایسی ہو گی جیسے یہاں سیلاب آیا ہی نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پر ہی تنقید اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ پنجاب کام کر رہا ہے۔ عوامی خدمت میری ذمہ داری ہے، مشکل وقت میں دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مراد علی شاہ بہتر وزیراعلیٰ ہیں، مریم نواز تو لاہور میں صدر کا استقبال نہیں کرتیں، ندیم افضل چن
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں اتنا ہولناک سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دریائے ستلج، راوی اور چناب میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 25 شہر حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے جہاں عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انتظامیہ نے 24 گھنٹے کام کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مثالی ہیں۔ صوبائی وزرا، انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور پولیس سب نے مل کر متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے کہا جاتا ہے کہ دنیا سے امداد کیوں نہیں مانگتی، میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، امداد کے لیے کبھی ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی۔‘