پاکستان کے نوجوان اسکواش اسٹار نور زمان نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے کینیڈا کے شہر لندن میں کھیلے گئے نیش کپ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ نور زمان، جو پاکستان کے عظیم اسکواش گھرانے کی تیسری نسل سے تعلق رکھتے ہیں، نے فائنل میں مصر کے دوسرے نمبر کے سیڈ مصطفی السیرتی کو حیران کن انداز میں اسٹریٹ گیمز میں 0-3 سے شکست دی۔
دلچسپ اور سنسنی خیز 52 منٹ تک جاری رہنے والے میچ کے اسکورز 19-17، 7-11 اور 9-11 رہے۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان کے اسکواش کھلاڑی شاہد مسعود خان نے یورپ و امریکا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑدیے
30 ہزار ڈالر انعامی رقم کے اس کاپر لیول ٹورنامنٹ میں 5ویں سیڈ نور زمان نے شاندار مہارت، برداشت اور اعصاب پر قابو پاتے ہوئے شائقین کو متاثر کیا۔ سیمی فائنل میں انہوں نے کولمبیا کے ماتیاس کنیڈسن کو باآسانی شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
ایک اور نوجوان پاکستانی کھلاڑی محمد اشاب عرفان نے بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا، جو پاکستان میں اسکواش کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: علی سسٹرز کی منفرد کامیابی: یو ایس ساؤتھ ایسٹ جونیئر گولڈ اسکواش سرکٹ میں دونوں بہنیں آمنے سامنے
نور زمان، سابق برٹش اوپن چیمپئن اور اسکواش لیجنڈ قمر زمان کے پوتے ہیں۔ وہ اپنے دادا کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے اسکواش میں دوبارہ عروج حاصل کرنے کی امیدوں کو تازہ کر گئی ہے۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) نے نور زمان کی اس شاندار فتح پر مبارکباد دی۔