ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے میجر جنرل اور سپریم لیڈر کے مشیر رحیم صفوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ ایک مثبت پیشرفت ہے اور اگر ایران بھی اس میں شامل ہو جائے تو یہ خطے کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی دفاعی معاہدہ اور خطے کی سیاست پر اثرات
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحیم صفوی کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو اپنے باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا خطے میں اثر و رسوخ کم ہوتا جا رہا ہے اور اب وہ اپنی توجہ ایشیا پیسیفک خطے کی طرف منتقل کر رہا ہے، ایسے میں وقت آ گیا ہے کہ ایک علاقائی اسلامی سکیورٹی بلاک کی تشکیل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے تاکہ خطے میں استحکام اور خودمختاری کو یقینی بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی دفاعی معاہدہ، لڑائیوں کا خیال بھی شاید اب نہ آئے
یاد رہے کہ حال ہی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، جس کے اعلامیے میں واضح کیا گیا تھا کہ کسی ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔