کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں فرنٹیئر کور یعنی ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 10 جاں بحق جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد ہے، زخمیوں میں 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کو خطرناک دہشتگردی سے بچا لیا گیا، سی ٹی ڈی بلوچستان
دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
کوئٹہ شہر میں زوردار دھماکہ، فائرنگ کی آوازیں #quettablast #Quetta #کوئٹہ pic.twitter.com/ux2PVJTGA3
— Nazir Shah (@SsyedHhussain) September 30, 2025
دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک موٹر سائیکل، رکشہ اور قریبی کھڑی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔
ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
مزید پڑھیں: حکومت بلوچستان کا کوئٹہ شہر کے اندر پیپلز ٹرین چلانے کا فیصلہ
بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت نے رخصت ہو رہے مالی سال کے بجٹ کا کتنا فیصد خرچ کیا؟
شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
دھماکے کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
صدر مملکت کی مذمت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں فتنۂ الخوارج کے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنۂ الخوارج اور بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کو بروقت اور مؤثر کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے زخمی ایف سی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت نواز شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاتا رہے گا۔ ان کے مطابق پاکستان دشمن قوتوں کی مایوسی ان کی ناکامی اور انجامِ بد کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 8 اہلکار زخمی
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ عالمی اور علاقائی منظرنامہ پاکستان مخالف ریاستوں اور ان کی پراکسیز کے خلاف تبدیل ہو رہا ہے، جس کے باعث وہ مایوسی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، اس کے عوام اور اس کی سکیورٹی فورسز ان شاءاللہ غالب آئیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا بیان
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔