معروف اداکارہ ثنا جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے نام سے ایک جعلی فیس بک پیج بنایا گیا تھا، جسے میٹا کی جانب سے ویریفائی بھی کیا گیا، حالانکہ اس کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس جعلی پیج کی کسی بھی پوسٹ کو شیئر یا سنجیدہ نہ لیں۔
ثنا جاوید نے انسٹاگرام اسٹوری پر جعلی پیج کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ کس طرح ایک جعلی اور غیر متعلقہ پیج کو باضابطہویریفائی کیا گیا تھا حالانکہ وہ ان کا نہیں تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف اس پیج کے خلاف رپورٹ درج کروائی ہے، متعلقہ حکام کو بھی اس فراڈ سے آگاہ کر دیا ہے، اور امید ہے کہ جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔
اداکارہ کے جعلی پیج پر ان کی ذاتی تصاویر کے ساتھ ساتھ ان کے شوہر اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی تھیں۔ حیران کن طور پر جعلی پیج کے فالوورز کی تعداد 17 لاکھ تک پہنچ چکی تھی، جو کہ اداکارہ کے اصل آفیشل پیج کے 12 لاکھ فالوورز سے بھی زیادہ تھی۔ تاہم، ثنا جاوید کی نشاندہی کے بعد مذکورہ پیج کو غیر فعال کر دیا گیا ہے۔
مذکورہ جعلی پیج سے حالیہ دنوں میں کچھ متنازع پوسٹس بھی کی گئیں، جن میں قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق آراء پیش کی گئیں۔ ایک پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ اگر آج شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوتے تو ان کے برسوں کا تجربہ نہ صرف پاکستانی ٹیم بلکہ عوام کے لیے بھی امید کی کرن بن جاتا۔ میدان میں ان کی موجودگی ہی ہمت جگانے اور فتح پر یقین دلانے کے لیے کافی ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: ثنا جاوید کا شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی پر متنازعہ بیان، تنقید کے بعد یوٹرن؟
اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی، جس کے بعد ایک اور وضاحتی پوسٹ شیئر کی گئی جس میں کہا گیا میں یہ نہیں کہہ رہی کہ شعیب ملک ٹیم میں ضروری ہیں، لیکن ٹیم میں ایک سینئر کا ہونا لازمی ہے، مثلاً بابر اعظم، محمد رضوان یا کوئی اور۔
یہ تمام پوسٹس اب حذف ہو چکی ہیں کیونکہ جعلی پیج کو مکمل طور پر ڈی ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے۔