اتر پردیش کے ضلع جاونپور کے کچھمچھ گاوں میں ایک 75 سالہ بزرگ نے 35 سالہ خاتون سے شادی کی، مگر شادی کی اگلی صبح اچانک انتقال کر گئے، جس نے مقامی سطح پر تشویش اور سوالات کو جنم دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سانگرورام نامی بزرگ نے ایک سال قبل اپنی پہلی بیوی کو کھو دیا تھا اور تنہائی میں زندگی گزار رہے تھے۔ ان کے کوئی اولاد نہیں تھی اور وہ کھیتی باڑی سے اپنا گزر بسر کرتے تھے۔ رشتہ داروں کی مخالفت کے باوجود انہوں نے دوبارہ شادی کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکار کی ہوٹل کے کمرے میں پراسرار موت
29 ستمبر کو شادی کا رجسٹریشن عدالت میں کروایا گیا، جس کے بعد دونوں نے روایتی مذہبی رسومات ادا کیں۔ شادی کے بعد دلہا دلہن نے ایک دوسرے سے گفتگو کی اور دلہن منبھاتی نے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ گھر کا انتظام سنبھالیں گی اور وہ بچوں کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔
تاہم، اگلی صبح سانگرورام کی صحت اچانک خراب ہو گئی، جس کے بعد انہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
سانگرورام کی اچانک موت نے گاؤں میں کئی قیاس آرائیاں اور سوالات اٹھا دیے ہیں۔ کچھ مقامی افراد اسے قدرتی موت قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ مرحوم کے رشتہ داروں نے پوسٹ مارٹم اور پولیس تفتیش کا مطالبہ کرتے ہوئے جنازے کی کارروائی روک رکھی ہے۔