فواد چوہدری کو بھی ریلیف مل گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کا پولیس کو گرفتار نہ کرنے کا حکم

منگل 16 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فواد چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی اور حکم دیا کہ فواد چوہدری کو ایسے مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے جس کے حوالے سے ان کو علم نہ ہو۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے لیکن عدالت سے نکلتے ہی پولیس نے فواد چوہدری کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر وہ بھاگ کر عدالت پہنچ گئے۔ یوں اسلام آباد پولیس کی فواد چوہدری کو دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔

گرفتاری کے خوف اور پولیس کے دیکھ کر فواد چوہدری بہت تیزی سے عدالت کی طرف بھاگے اس دوران عدالت کے گیٹ پر رش کی وجہ سے وہ لڑکھڑائے بھی اور گرتے گرتے بچے، بھاگنے کی وجہ سے ان کی سانس بھی بری طرح پھول رہی تھی، انہیں غنودگی میں دیکھ کر کچھ لوگوں نے انہیں بازوؤں سے تھام لیا اور انہیں پانی پلانے کے لیے مدد مانگی کہ دوڑ کر جائیں اور پانی لائیں۔

دوبارہ گرفتاری کی کوشش پر فواد چوہدری نے پولیس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اپنے وکیل فیصل چوہدری کو ہدایت کی کہ توہین عدالت درخواست تیار کریں۔

فواد چوہدری کی واپسی پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔ فواد چوہدری روسٹرم پر آئے اور کہا کہ باہر پولیس نے ایک مرتبہ پھر انہیں گرفتار کرنے کوشش کی ہے۔ اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ خود پریکٹیشنر ہیں آپ تحریری حکمنامے کا انتظار تو کرتے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس حوالے سے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رہے ہیں۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ توہین عدالت کی درخواست دائر کریں اور تحریری حکمنامہ کی کاپی لے لیں۔

فواد چوہدری کی ’بھاگ دوڑ‘ کا پس منظر کیا ہے؟

اسلام آباد پولیس نے 11 مئی کو فواد چوہدری کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا تھا۔ ان کی 11 مئی کی گرفتاری بھی بہت ڈرامائی انداز میں ہوئی جب وہ صبح سویرے سے رات گئے تھے گرفتاری کے خوف سے سپریم کورٹ میں پناہ گزیں رہے تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی اور دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ بعد ازاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، عدالت عالیہ نے فواد چوہدری کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے پولیس حکام کو سابق وفاقی وزیر کو کسی اور مقدمے میں بھی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو لاہور میں درج کسی مقدمے میں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، ادھر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ان کی آج ہی ضمانت بھی منسوخ کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp