بین الاقوامی سعودی فالکنز اینڈ ہنٹنگ ایگزیبیشن 2025 میں تاریخ کا سب سے مہنگا منگولیائی باز 6 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال (قریباً 4 کروڑ 87 لاکھ روپے) میں نیلام ہوا۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق نیلامی میں بالغ ’حُر قرناس‘ باز کی بولی 1 لاکھ ریال سے شروع ہوئی، جو سخت مقابلے کے بعد 6 لاکھ 50 ہزار ریال تک پہنچی۔
اسی نیلامی میں ایک نوجوان ’حُر فرخ‘ باز بھی 1 لاکھ 28 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
نمائش میں پہلی بار منگولیائی بازوں کے لیے خصوصی زون قائم کیا گیا ہے، جہاں مشرقی ایشیا خصوصاً منگولیا سے لائے گئے اعلیٰ نسل کے باز نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
یہ باز اپنی جسمانی مضبوطی، لمبے پروں، تیز پرواز اور سخت موسمی حالات میں برداشت کی صلاحیت کے باعث باز پروری کے شوقینوں میں بے حد مقبول ہیں۔