عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹا دیا، سہیل آفریدی نئے قائد ایوان نامزد

بدھ 8 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے ہٹا دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو نیا قائد ایوان نامزد کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی آن بان شان سمجھے جانے والے علی امین گنڈاپور کی مقبولیت میں کمی کیوں آئی؟

اس سے قبل ذرائع سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا میں قیادت کی ممکنہ تبدیلی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، اور  عمران خان نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے پہلے ہی علی امین گنڈاپور کی عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کردی تھی، تاہم علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی باضابطہ ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔

نئے قائد ایوان نامزد ہونے والے سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ وہ پہلی مرتبہ پی کے 70 سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ماضی میں وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبرپختونخوا کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

موجودہ حکومت میں سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں۔ بعد ازاں کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں انہیں ہائر ایجوکیشن کے محکمے کا وزیر مقرر کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان سے متعلق عمران خان کو کیا بتایا؟ تفصیلات آگئیں

یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو واضح بتا دیا ہے کہ ان کی بہن علیمہ خان ایم آئی کے لیے کام کررہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp