معروف صحافی اور اینکر اقرار الحسن نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں چوتھی شادی سے متعلق قیاس آرائیوں کو رد کر دیا۔ پروگرام کی میزبان کی جانب سے چوتھی شادی سے متعلق سوال پر اقرار الحسن نے واضح الفاظ میں کہا کہ اب ان کا مزید شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اقرار الحسن نے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کی پہلی تین شادیاں بھی کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوئیں بلکہ وہ زندگی کے ایسے فیصلے تھے جو قدرت کی طرف سے طے کیے گئے اور مثبت ثابت ہوئے۔ ان کا کہنا تھا میں نے کبھی سوچ کر یا پلاننگ کے ساتھ شادیاں نہیں کیں۔ یہ وہ فیصلے تھے جو اللہ نے میرے لیے کیے اور وہ میرے لیے اچھے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں بعض اوقات ایسے افراد سے تعلق بن جاتا ہے جو کسی ظاہری وجہ سے نہیں بلکہ ذہنی ہم آہنگی اور ایک خاص تعلق کی بنیاد پر جڑتے ہیں۔ اگر ایسے تعلقات خاندان پر منفی اثر نہ ڈالیں تو وہ اہم فیصلوں میں بدل جاتے ہیں۔
تاہم، چوتھی شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا، ’نہیں، اب مجھے لگتا ہے کہ بہت ہو گیا، میرا چوتھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں، میں مزید شادی نہیں کروں گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: اقرار الحسن کی پہلی بیوی قرۃ العین کا شوہر کی تیسری بیوی عروسہ کو انٹرویو، کیا اہم باتیں ہوئیں؟
واضح رہے کہ اقرار الحسن اپنی تین شادیوں کے باعث سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے حال ہی میں اپنی سیاسی جماعت کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے، جس پر عوامی و صحافتی حلقوں میں مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔













