ایک معمولی سا خاندانی جنازہ مشرقی چین کی ایک عورت کے لیے زندگی بدل دینے والا لمحہ بن گیا، جب اس نے ایک اجنبی خاتون کو سوگ کی حالت میں دیکھا، جو خاندان کے فرد کی طرح برتاؤ کر رہی تھی۔
چین کے صوبہ شینڈونگ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو اپنے شوہر کے خفیہ ازدواجی تعلق کا انکشاف اس وقت ہوا جب وہ ایک خاندانی جنازے میں شریک تھیں۔ اس حیران کن واقعے کے بعد عدالت نے شوہر کو دوہری شادی (بگیمی) کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک سال قید کی سزا سنا دی۔
یہ بھی پڑھیں: طلاق مبارک ہو، بھارتی شخص کا دودھ سے غسل اور کیک کاٹ کر جشن، ویڈیو وائرل
واقعہ جون 2022 میں پیش آیا جب خاتون اپنے سسر کے جنازے میں شریک تھیں۔ وہاں انہوں نے ایک اجنبی خاتون کو روایتی سوگ کے لباس میں پایا جو مرحوم کے قریب کھڑی ہو کر رنج و غم کا اظہار کر رہی تھی۔ وہ خود کو ’بہو‘ کہہ رہی تھی اور تابوت کے ساتھ کھڑے ہو کر روتی جا رہی تھی، جیسے وہ خاندان کا حصہ ہو۔
جب خاتون جس کا نام شانگ تھا نے اپنے شوہر وانگ سے اس اجنبی خاتون کے بارے میں استفسار کیا تو وہ ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔ اس پر شانگ نے معاملہ عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نام رکھنے پر اختلاف: ماں باپ طلاق لینے پر تل گئے، بے نام بچہ دربدر
عدالتی کارروائی کے دوران یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ وانگ گزشتہ 16 برس سے ’وین‘ نامی ایک خاتون کے ساتھ خفیہ تعلقات میں تھا۔ یہ تعلق شانگ سے شادی کے صرف تین سال بعد شروع ہوا تھا۔ وین سے اس کے ایک بیٹا بھی ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وانگ اکثر اپنی بیوی کو طویل دوروں کا بہانہ بنا کر دوسرے شہر میں وین کے ساتھ رہتا اور ان کے بیٹے کی پرورش کرتا تھا۔
پڑوسیوں اور گواہوں کے بیانات سے واضح ہوا کہ وانگ اور وین ایک ساتھ میاں بیوی کی حیثیت سے رہتے تھے، اگرچہ ان کی قانونی شادی نہیں ہوئی تھی۔ ایک موقع پر وانگ نے وین کی میڈیکل سرجری کے لیے رضامندی کے کاغذات پر دستخط کرتے ہوئے خود کو اس کا شوہر ظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی خاتون شادی کے 4 دن بعد ہی طلاق لینے پر کیوں ضد کرنے لگی؟
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ وانگ نے اگرچہ وین سے قانونی شادی نہیں کی، لیکن اس کے ساتھ ایک عملی ازدواجی تعلق قائم کر رکھا تھا، جو کہ چینی قوانین کے تحت بگیمی یعنی دوہری شادی کے زمرے میں آتا ہے۔
عدالت نے وانگ کو ایک سال قید کی سزا سنائی، جس کے خلاف اس نے اپیل دائر کی، تاہم اعلیٰ عدالت نے اس اپیل کو مسترد کر دیا۔











