ایمازون ویب سروسز میں بڑی تکنیکی خرابی، درجنوں معروف ویب سائٹس متاثر

پیر 20 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کلاؤڈ انفراسٹرکچر کے میدان میں صف اول کی کمپنی ایمازون ویب سروسز کو ایک بڑی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑ ا ہے، جس کے باعث درجنوں بڑی ویب سائٹس اچانک بند ہو گئیں۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہاکہ ایک عملیاتی مسئلہ سامنے آیا ہے جو متعدد سروسز کو متاثر کر رہا ہے، اور کمپنی متوازی راستوں پر کام کر رہی ہے تاکہ بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ کمپنی کے مطابق اس خرابی سے اس کی اپنی 70 سے زیادہ سروسز متاثر ہوئیں۔ کچھ دیر بعد کمپنی نے اعلان کیا کہ اسے بحالی کی نمایاں علامات نظر آ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سست رفتار انٹرنیٹ: سب میرین کیبلز کی خرابی دور کی جارہی ہے، پی ٹی اے

پھر ایمازون نے اطلاع دی کہ مسئلہ مکمل طور پر حل کر لیا گیا ہے، اور اب زیادہ تر سروسز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ درخواستوں کو عارضی طور پر محدود کیا جا سکتا ہے جب تک کہ مکمل بحالی عمل میں نہ آ جائے، کیونکہ چند سروسز ابھی بھی زیادہ درخواستوں کے بیک لاگ کو سنبھال رہی ہیں۔

صارفین کی شکایات سے ظاہر ہوا کہ اس خرابی نے کئی بڑے اداروں کی ویب سائٹس کو متاثر کیا، جن میں ایمازون، ڈزنی پلس، لفٹ، میکڈونلڈز ایپ، نیویارک ٹائمز، ریڈٹ، رنگ، رابن ہُڈ، اسنیپ چیٹ، ٹی موبائل، یونائیٹڈ ایئرلائنز، وینمو اور ویریزون شامل ہیں۔ اس کے علاوہ برطانوی سرکاری ویب سائٹس بھی متاثر ہوئیں۔

برطانوی حکومت کے ترجمان نے سی این بی سی کو بتایا کہ ہمیں علم ہے کہ ایمازون ویب سروسز اور ان پر انحصار کرنے والی متعدد آن لائن سروسز کو ایک مسئلہ کا سامنا ہے۔ ہم اپنی طے شدہ ہنگامی رابطہ حکمتِ عملی کے تحت کمپنی سے مسلسل رابطے میں ہیں، جو جلد از جلد خدمات کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہے۔

لائیڈز بینکنگ گروپ نے بھی تصدیق کی کہ اس کی کچھ خدمات متاثر ہوئیں اور صارفین سے کہا کہ کچھ دیر صبر کریں، ہم خدمات کو جلد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قریباً 20 منٹ بعد بینک نے اطلاع دی کہ خدمات دوبارہ آن لائن ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

اسی دوران یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا کے صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایت کی کہ وہ اپنی بکنگز تلاش کرنے، چیک اِن یا بیگ جمع کرانے سے قاصر ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے کلاؤڈ پر مبنی ویڈیو گیمز جیسے روبلاکس اور فورٹ نائٹ میں بھی رکاوٹوں کی اطلاع دی۔ اسی طرح کرپٹو ایکسچینج Coinbase نے کہاکہ بہت سے صارفین سروس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔

گرافک ڈیزائن پلیٹ فارم Canva نے بتایا کہ اسے غلطیوں کی شرح میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے پلیٹ فارم کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ کمپنی نے کہاکہ ہماری بنیادی کلاؤڈ سروس فراہم کنندہ کو بڑے مسئلے کا سامنا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بڑی کمپنیوں کو ایسے تکنیکی مسائل کا سامنا ہوا ہو۔ جولائی 2024 میں سائبر سیکیورٹی کمپنی CrowdStrike کے ایک غلط سافٹ ویئر اپ گریڈ نے عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کے نظام کی کمزوری کو بے نقاب کیا تھا، جس کے نتیجے میں مائیکروسافٹ ونڈوز سسٹمز بند ہو گئے، اربوں ڈالر کے نقصانات ہوئے، اور ہزاروں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ اس کے علاوہ بینکوں اور اسپتالوں کے نظام بھی متاثر ہوئے تھے۔

سائبر سیکیورٹی کمپنی NymVPN کے چیف ڈیجیٹل آفیسر راب جارڈن نے اپنے بیان میں کہاکہ اس وقت کوئی اشارہ نہیں کہ یہ خرابی کسی سائبر حملے کے نتیجے میں ہوئی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: بہتر انٹرنیٹ سروس: کیا ’2 افریقہ کیبل‘ شارک سے محفوظ رہے گی؟

’یہ بظاہر ایک تکنیکی نقص ہے جس نے ایمازون کے کسی بڑے ڈیٹا سینٹر کو متاثر کیا۔ ایسے مسائل عام طور پر اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب سسٹمز اوورلوڈ ہو جائیں یا نیٹ ورک کا کوئی اہم حصہ ناکام ہو جائے۔‘

انہوں نے مزید کہاکہ یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ سائبر سیکیورٹی کا مطلب صرف بیرونی خطرات سے تحفظ نہیں بلکہ سسٹمز کی مضبوطی اور بحالی کی صلاحیت بھی ہے۔ کاروباری اداروں کو چاہیے کہ وہ تکنیکی خرابیوں کے لیے بھی اتنی ہی سنجیدہ تیاری رکھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وی ایکسکلوسیو: آئین زندہ دستاویز، 27ویں کے بعد مزید ترامیم بھی لائی جا سکتی ہیں، مصطفیٰ کمال

ممدانی کی جیت اور وہ خوشی جس پر اعتراض ہوا ؟ 

اسلام آباد پولیس جنید اکبر اور دیگر کی گرفتاری کے لیے کے پی ہاؤس پہنچ گئی

ہندو برادری کے افراد کو داخلے سے روکنے کی بات درست نہیں، پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا

کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، ہم سب انسان ہیں، امیتابھ بچن نے ایسا کیوں کہا؟

ویڈیو

کیا پاکستان اور افغان طالبان مذاکرات ایک نیا موڑ لے رہے ہیں؟

چمن بارڈر پر فائرنگ: پاک افغان مذاکرات کا تیسرا دور تعطل کے بعد دوبارہ جاری

ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں آئے غیرملکی فنکار کراچی کے کھانوں کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

ممدانی کی جیت اور وہ خوشی جس پر اعتراض ہوا ؟ 

ٹرمپ کا کامیڈی تھیٹر

میئر نیویارک ظہران ممدانی نے کیسے کرشمہ تخلیق کیا؟