فرانسیسی میڈیا کے مطابق پیرس کے لوور میوزیم سے قیمتی شاہی زیورات کی چوری کے الزام میں 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ ایک شخص کو چارلس ڈی گال ایئرپورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ پرواز کے لیے تیار ہو رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ الجزائر جانے والا تھا، جبکہ دوسرا مشتبہ شخص مالی جانے کی تیاری کر رہا تھا۔
گزشتہ اتوار 4 مسلح چوروں نے دن دہاڑے کرین کی مدد سے دنیا کے مشہور ترین میوزیم لوور میں داخل ہو کر تقریباً 88 ملین یورو (102 ملین ڈالر) مالیت کے زیورات چرا لیے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: نپولین اور ملکہ ایوجینی کے 102 ملین ڈالر مالیت کے زیورات برآمد ہوسکیں گے؟
فرانسیسی وزیرِ انصاف نے اعتراف کیا ہے کہ سیکیورٹی کے نظام میں سنگین ناکامی ہوئی، جس سے ملک کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔ فرانسیسی پولیس کے مطابق چور صرف 4 منٹ میں کارروائی مکمل کر کے 2 اسکوٹروں پر فرار ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق واردات کی جگہ سے ملنے والے ڈی این اے شواہد کی مدد سے ایک مشتبہ شخص کی شناخت ممکن ہوئی۔ جائے وقوعہ سے دستانے اور ایک جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔
چوری شدہ زیورات میں امپریس یوجینی، جو نپولین سوم کی اہلیہ تھیں، کا تاج، ماری لوئز کا ہار، اور ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے زیورات کو پہلے ہی توڑ کر الگ الگ ٹکڑوں میں فروخت کے لیے تیار کر لیا گیا ہو، جس سے ان کی بازیابی تقریباً ناممکن ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: فرانس چوری شدہ شاہی زیورات کی تلاش میں سرگرداں، اب وہ انمول خزانہ کس حال میں ہوگا؟
واقعے کے بعد فرانس بھر میں عجائب گھروں اور ثقافتی اداروں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ لوور میوزیم نے اپنے قیمتی زیورات کو بینک آف فرانس کے زیرِ زمین خفیہ لاکرز میں منتقل کر دیا ہے۔













