امریکی یوٹیوبر اور ٹک ٹاک اسٹار کاز سوئیر سوشل میڈیا پر اس وقت تنازع کا شکار ہوگئے، جب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ سنگاپور کے مارینا بے سینڈز ہوٹل کے انفینٹی پول میں بغیر اجازت داخل ہوتے دکھائی دیے۔
اس ویڈیو میں سوئیر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پول میں چپکے سے داخل ہو کر ویڈیو بنائی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی اور ناظرین نے اس حرکت کو خطرناک اور بعض حلقوں میں غیر قانونی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: 25 سالہ ٹک ٹاکر کی اچانک موت، آخری فون کال پر کیا بات کی تھی؟
حال ہی میں ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں سوئیر نے اس تنازع پر معافی مانگی اور بتایا کہ ان کے خلاف دھمکی آمیز پیغامات کی شدت بڑھ گئی ہے، جن میں موت اور قید کی دھمکیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا، ’مجھے اب موت کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں‘۔
سوئیر نے واضح کیا کہ ہوٹل کے مہمانوں کو پول تک رسائی حاصل ہے، لیکن یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ خود ہوٹل میں قیام پذیر تھے یا نہیں۔ انہوں نے کہا، ’میرا وکیل کہتا ہے کہ میں تصدیق یا تردید نہیں کر سکتا‘۔
یہ بھی پڑھ لیں: رجب بٹ نے جنسی زیادتی، استحصال اور تشدد کیا، تمام ثبوت موجود ہیں، ٹک ٹاکر فاطمہ خان کا دعویٰ
دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ نے بھی واضح کیا ہے ’ہم یاد دلانا چاہتے ہیں کہ انفینٹی پول تک رسائی صرف ہوٹل کے مہمانوں کو حاصل ہے، اور ہم جان بوجھ کر داخل ہونے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کریں گے‘۔














