قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان کے 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے مزید 20 کروڑ روپے کی نقد رقم برآمد کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوہستان 40 ارب روپے کرپشن اسکینڈل: 4 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم نے مرکزی ملزم اور اسکینڈل کے ماسٹر مائنڈ قیصر اقبال کے گھر ایبٹ آباد میں چھاپہ مارا۔ قیصر اقبال محکمہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس میں کلرک کے عہدے پر تعینات ہے۔
چھاپے کے دوران نیب نے ملزم کی اہلیہ کے نشاندہی پر 10 کروڑ روپے اس کے گھر سے اور 10 کروڑ روپے ایک دوسرے شخص کے قبضے سے برآمد کیے۔
میڈیا کے مطابق قیصر اقبال کی اہلیہ پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہے، اور اس کی نشاندہی پر یہ بڑی ریکوری عمل میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہستان 40 ارب روپے کرپشن اسکینڈل: نیب نے 5 مزید ملزمان گرفتار کرلیے
نیب کے مطابق اس میگا کرپشن اسکینڈل میں اب تک برآمد کی گئی مجموعی رقم 2 ارب روپے سے زائد ہو چکی ہے، جو نیب کی تاریخ میں سب سے بڑی نقد برآمدگی قرار دی جارہی ہے۔
یہ اسکینڈل سرکاری ترقیاتی فنڈز میں مبینہ خرد برد اور ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق ہے، جس میں کئی افسران اور ٹھیکیداروں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آچکے ہیں۔
اس سے قبل رواں سال جولائی کی رپورٹ کے مطابق نیب نے اس اسکینڈل میں 25 ارب روپے سے زیادہ کے اثاثے اور نقد رقم برآمد کی جاچکی ہے جن میں ایک ارب روپے نقد، 77 لگژری گاڑیاں، ملک بھر میں بنگلے اور فلیٹس شامل ہیں، جبکہ 5 ارب روپے بینک اکاؤنٹس میں منجمد کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایک کے بعد ایک اسکینڈل، محکمہ لائیو اسٹاک کی 80 گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف
رپورٹس کے مطابق اس اسکینڈل میں تحقیقات کے لیے 8افراد نیب کی حراست میں ہیں،جن میں 2 سرکاری ملازمین، 2 بینکرز اور 4 ٹھیکیدار شامل ہیں۔














