لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد سے گرفتار ہونے والے تحریک انصاف کے 123 کارکنان کی نظربندی کالعدم قرار دیدی۔
9 مئی کے واقعات کے بعد فیصل آباد سے 123 پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کو رہنما تحریک انصاف فرح حبیب نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلینج کیا تھا۔
جسٹس انوارالحق کی عدالت کے روبرو درخواست گزار فرخ حبیب کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوٹہ نے موقف اختیار کیا کہ فرخ حبیب پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ہیں اور گرفتار افراد پارٹی کے کارکنان ہیں۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد فیصل آباد سے تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان کو گرفتار کر کے نظر بند کیا گیا۔
آئی جی پنجاب پولیس نے کارکنوں کی گرفتاری کا میڈیا کے سامنے اعتراف کیا۔ کارکنان کی گرفتاری اور نظر بندی غیر قانونی ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی نظربندی کےاحکامات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے تحریک انصاف کے 123 کارکنان کی نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔