بھارتی خفیہ اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ داؤد ابراہیم کے گروہ نے سری لنکا کے سابق باغی گروہ لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلام (ایل ٹی ٹی ای) کی باقیات کے درمیان اتحاد بنا لیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داؤد گروہ جنوبی بھارت اور سری لنکا کے راستوں کے ذریعے اپنی منشیات کی کارروائیوں کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے، کیونکہ اس گروہ کے خلاف مغربی اور شمالی بھارت میں سخت کارروائی کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: داؤد ابراہیم کو زہر دے دیا گیا، بھارتی میڈیا کا دعوٰی
داؤد ابراہیم کا گروہ ایل ٹی ٹی ای سے منسلک عناصر کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے کیونکہ ان کے پاس قیادت کے خلا اور فنڈنگ کی کمی ہے۔

بھارتی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کہ ایل ٹی ٹی ای کی علیحدگی پسند باغی تحریک کا مکمل طور پر دوبارہ آغاز ممکن نہیں، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ گروہ کے سابقہ لاجسٹک نیٹ ورک اور پَلک اسٹریٹ کے ساحلی تجربے کی وجہ سے جنوبی بھارت اور اس سے آگے اسمگلنگ آسان ہوسکتی ہے۔
ایل ٹی ٹی ای کو 2009 میں فوجی طور پر شکست دی گئی تھی اور اس پر الزامات تھے کہ وہ اپنی کارروائیوں کے لیے منشیات سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بیرون ملک کاروبار کے ذریعے لانڈرنگ کرتا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ماؤ نواز علاقوں میں تعینات بھارتی فوجی اہلکاروں کی خودکشیاں بڑھنے لگیں
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ داؤد گروہ کے سرمایہ اور عالمی رسائی کو ایل ٹی ٹی ای کے ساحلی علم کے ساتھ جوڑنے سے خطے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے نئے چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔














