ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ یورپی صارفین کے لیے واٹس ایپ میں تھرڈ پارٹی چیٹ انٹیگریشن کا فیچر جلد پیش کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت واٹس ایپ کو یہ اختیار دینا ہوگا کہ یورپی صارفین دیگر ایپس کے صارفین کو براہ راست پیغامات بھیج سکیں، بشرطیکہ وہ ایپس اس نظام کے ساتھ مطابقت رکھتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف، اب ہر کوئی آپ کو براہِ راست میسج نہیں بھیج سکے گا
کم پیمانے پر ٹیسٹنگ کے بعد میٹا کا کہنا ہے کہ جلد ہی واٹس ایپ صارفین ’برڈی چیٹ‘ اور ’ہائیکٹ‘ کے صارفین سے تھرڈ پارٹی چیٹس کے ذریعے رابطہ کرسکیں گے۔ یہ اپ ڈیٹ ڈی ایم اے کے انٹرآپریبلٹی قواعد پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
صارفین میڈیا فائلز شیئر کرسکیں گے اور دیگر ایپس کے صارفین سے گفتگو بھی ممکن ہوگی۔ گروپ چیٹس بھی بعد میں شامل کی جائیں گی جب پارٹنر ایپس اس فیچر کی سپورٹ فراہم کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کی ایپل واچ ایپلکیشن متعارف، فون نکالے بغیر میسجز دیکھنا ممکن
یورپی خطے میں آئندہ چند ماہ کے دوران صارفین کو سیٹنگز میں نوٹیفکیشنز ملیں گی جن میں بتایا جائے گا کہ تھرڈ پارٹی چیٹ فیچر کیسے فعال کیا جائے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب ہوگی، ویب، ڈیسک ٹاپ اور ٹیبلیٹس پر نہیں۔ یہ فیچر مکمل طور پر اختیاری ہوگا اور کبھی بھی آن یا آف کیا جاسکے گا۔
میٹا نے بتایا کہ برڈی چیٹ اور ہائیکٹ کے ساتھ تعاون یورپی کمیشن کے ساتھ تین سالہ شراکت کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مقصد ڈی ایم اے معیار کے مطابق ایک مربوط چیٹ سسٹم تشکیل دینا تھا۔ تمام تھرڈ پارٹی چیٹس کے لیے واٹس ایپ جیسی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن لازمی ہوگی۔














