آزاد کشمیر: نومنتخب وزیراعظم نے حلف اٹھا لیا، پی پی نے عوام کے ساتھ رشتہ دوبارہ جوڑنے کی ذمہ داری اٹھائی، فیصل راٹھور

منگل 18 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ رشتہ دوبارہ جوڑنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔

نومنتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب صدر ہاؤس مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی شرکت کی۔ جبکہ اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جبکہ صدر آزاد کشمیر علالت کی وجہ سے وزیراعظم سے حلف نہیں لے سکے۔

یہ بھی پڑھیں:عدالتی اصلاحات، اسپیشل اور سینیئر سیکریٹری کے عہدے ختم، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کے اہم اعلانات

اس اہم سیاسی موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما فریال تالپور پہلے سے ہی مظفرآباد میں موجود تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری انور الحق کے خلاف کامیاب عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد فیصل ممتاز راٹھور آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔

فیصل راٹھور کو 36 ووٹ ملے تھے جبکہ ان کے خلاف صرف 2 ووٹ پڑے، پیپلز پارٹی نے پہلے ہی 38 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا تھا۔

نومنتخب وزیر اعظم کا خطاب

تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اس ذمہ داری پر اپنی جماعت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شہید ذولفقار علی بھٹو نے 1975 میں میرے والد ممتاز حسین راٹھور کو وزارت دی، اس کے بعد شہید بینظیر بھٹو نے 1990 میں انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب دیا، آج 2025 میں اس منصب کے لیے مجھ پر اعتماد کیا گیا۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنا اب آپ کی ذمہ داری ہے، بلاول بھٹو کا فیصل راٹھور سے مکالمہ

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی کوششوں سے نہ صرف دوبارہ ہماری حکومت بنی بلکہ پی پی پی ایک بار پھر ریاست کشمیر میں سب سے بڑی جماعت بن گئی۔ پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ رشتہ دوبارہ جوڑنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔

فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ ریاست آزاد کشمیرپورے کشمیر کی آزادی کا بیس کیمپ ہے، ہمارا مقصد اس تحریک کی آبیاری کرنا ہے، انہوں نے لائن آف کنٹرول پر موجود پاکستانی افواج اور تحریک آزادی کے شہدا کو سلام پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف  کی طرف سے مبارکباد

اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے راجا فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو منتخب ہونے پردلی مبارکباد دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: آج کا دن ہمیں ڈوگرہ راج کیخلاف بغاوت کی یاد دلاتا ہے، وزیر اعظم کا گلگت بلتستان کے یوم آزادی پر پیغام

ان کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود، معاشی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیےآزاد جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کون ہیں؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما فیصل ممتاز راٹھور کا تعلق آزاد کشمیر کے ایک بااثر اور تاریخی سیاسی خاندان سے ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم ممتاز حسین راٹھور کے فرزند ہیں، جبکہ ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر رہ چکی ہیں۔ راٹھور خاندان کو آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے بانی خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

فیصل راٹھور نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی میں حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے مکمل کی۔ ان کے والد ممتاز حسین راٹھور نے 1975 کے انتخابات کے بعد سینیئر وزیر، 1990 میں وزیراعظم، 1991 میں قائدِ حزبِ اختلاف اور 1996 میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں۔

یہ بھی پڑھیے: عدالتی اصلاحات، اسپیشل اور سینیئر سیکریٹری کے عہدے ختم، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کے اہم اعلانات

ممتاز حسین راٹھور کی وفات کے بعد 1999 میں ان کے بڑے صاحبزادے مسعود ممتاز راٹھور بقیہ مدت کے لیے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ فیصل راٹھور نے 2006 میں پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے حلقہ حویلی کہوٹہ سے الیکشن میں حصہ لیا۔

بعد ازاں 2011 کے انتخابات میں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وزیر اکلاس اور وزیر برقیات کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

فیصل راٹھور نے 2016 کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ اور ایک معاہدے کے تحت پارٹی رہنما خواجہ طارق سعید کو میدان میں اتارا تاہم انہیں شکست ہوگئی۔

اس وقت راجا فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل ہیں۔ 2021 کے انتخابات میں وہ دوسری بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ایوان میں موثر اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔

2023 میں حکومت کی تبدیلی کے بعد انہوں نے چوہدری انوار الحق کی اتحادی حکومت میں وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دیں اور عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی بھی کی۔

فیصل ممتاز راٹھور اپنی بردباری، نرم مزاجی اور بے داغ شہرت کے باعث سیاسی و عسکری حلقوں، عوامی ایکشن کمیٹی اور عوام میں یکساں مقبول ہیں۔ پارٹی قیادت انہیں بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا نہایت قابلِ اعتماد ساتھی سمجھتی ہے، جبکہ وہ پارٹی کے نظریاتی اور متوسط طبقے کے نمائندہ رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سوشل میڈیا انفلوئنسر کی پُراسرار موت، پولیس نے تحقیقات میں کیا انکشاف کیا؟

بھارت کے روہت شرما کی ایک روزہ کرکٹ میں حاکمیت ختم، پاکستان کے ابرار احمد ٹاپ 10 میں شامل

‘آپ بہت بہت پیارے ہیں’، لڑکی کا کمنٹ سن کر شاہد آفریدی شرما گئے

اسلام آباد میں سہ ملکی کرکٹ سیریز، شہر کے کن شاہراہوں پر ٹریفک میں خلل پڑسکتا ہے؟

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس میں 1,700 پوائنٹس کا اضافہ

ویڈیو

مردوں کےعالمی دن پر خواتین کیا سوچتی ہیں، کیا کہتی ہیں؟

کوئٹہ کے مقبول ترین روایتی کلچوں کا سفر تندور کی دھیمی آنچ سے دلوں تک

27ویں ترمیم نے چیخیں نکلوا دیں، فیض حمید کیس میں بڑا کھڑاک

کالم / تجزیہ

پاک افغان تناؤ، جے شنکر کے بیان سے امید باندھیں؟

تحریک انصاف کو نارمل زندگی کی طرف کیسے لایا جائے؟

فواد چوہدری کی سیز فائر مہم اور اڈیالہ جیل کا بھڑکتا الاؤ