مینارِ پاکستان کے تاریخی گراؤنڈ میں جماعتِ اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام 3 روزہ عظیم الشان اجتماع ’بدلو نظام‘ کا آج اتوار کو آخری اور فیصلہ کن دن ہے۔ کارکنوں کی موجودگی میں آج پورے دن 4 اہم سیشن منعقد ہوں گے اور شام کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اختتامی خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔
پاکستان بھر سے صوبائی امیر، نائب امیر پاکستان لیاقت بلوچ اور سینیئر قیادت شرکت کرے گی۔ موجودہ صوبائی جاتی نظام، ملک کے سنگین مسائل اور ’بدلو نظام‘ مہم کے اگلے مراحل پر تفصیلی تبادلۂ خیال اور مشاورت ہوگی۔
مزید پڑھیں: جماعتِ اسلامی نے ای چالان سسٹم عدالت میں چیلنج کر دیا
دوسرا سیشن انفاق فی سبیل اللہ پر ہوگا
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور امیر وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری شرکا سے خطاب کریں گے۔ اس سیشن میں اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنے کی ترغیب، موجودہ معاشی بحران اور امت کے لیے قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا جائے گا۔
تیسرا سیشن: عالمی صورتحال
تیسرا سیشن عالمی صورتحال پر ہوگا جس میں ماہرِ بین الاقوامی امور و سینیٹر سید مشاہد حسین سید ایک خصوصی لیکچر دیں گے جس میں عالمی و علاقائی صورتحال، فلسطین و کشمیر سمیت امتِ مسلمہ کے اہم مسائل زیرِ بحث آئیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف اور جماعتِ اسلامی کی نئی لڑائی کیا ہے؟
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن شرکا سے براہِ راست خطاب کریں گے۔ اس تاریخی اجتماع کے اختتامی خطاب میں وہ موجودہ نظام کے خاتمے اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے جماعت کا تفصیلی لائحہ عمل اور اگلا انقلابی پلان پیش کریں گے۔
جماعتِ اسلامی کے ترجمان کے مطابق 3 روز سے جاری اجتماع میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہوئے ہیں اور آج اختتام پر ریکارڈ تعداد متوقع ہے۔ پورا گراؤنڈ خیموں، پرچموں اور ’بدلو نظام‘ کے بینرز سے رنگین ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔














