ن لیگ کی ضمنی انتخابات میں کامیابی، کیا مریم نواز کی کارکردگی وجہ بنی؟

پیر 24 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت ن لیگ نے قومی اسمبلی کی تمام 6 نشستیں اپنے نام کر لیں، جبکہ صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں بھی ن لیگ کے حصے میں آئیں۔ پیپلز پارٹی صوبائی اسمبلی کی صرف ایک نشست پر کامیابی حاصل کر سکی۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات میں کامیابی، کیا ن لیگ اب پیپلز پارٹی کی محتاج نہیں رہی؟

پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے 229 ارکان تھے، جبکہ ضمنی الیکشن میں مزید 6 نشستیں جیتنے کے بعد ن لیگ کی تعداد 235 ہوگئی ہے۔ق لیگ کے 11، استحکام پاکستان پارٹی کے 7، مسلم لیگ ضیا کے ایک جبکہ پیپلز پارٹی کی ایک نشست جیتنے کے بعد ان کی تعداد پنجاب اسمبلی میں 17 ہو گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے تمام 6 خالی نشستیں جیت لی ہیں۔ اب پارٹی ایوان میں سادہ اکثریت حاصل کر لے گی۔

اس وقت مسلم لیگ (ن) کے پاس 126 نشستیں ہیں۔ 6 نشستیں جیتنے سے یہ تعداد 132 ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ ن لیگ کو ایم کیو ایم کے 22، مسلم لیگ (ق) کے 5، استحکام پاکستان پارٹی کے 4، مسلم لیگ ضیا، بلوچستان عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن، اور 4 آزاد ارکان کی حمایت پہلے سے حاصل ہے۔

پنجاب میں ن لیگ کی شاندار کامیابی کو مریم نواز کی عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور ریلیف پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ الیکٹرک بسیں، سستی روٹی، صحت کارڈ، صاف ستھرا پنجاب، سڑکوں کی بحالی اور دیگر پروگراموں کی بدولت ن لیگ کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کے مطابق مریم نواز کی خدمت کی سیاست نے شیر کو دوبارہ جیت کا نشان بنا دیا ہے۔ لوگ خدمت کو ووٹ دیتے ہیں، نفرت اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ آج عوام باشعور ہیں، کھوکھلی تقریروں سے نہیں بہکتے۔

کیا مریم نواز کی کارکردگی بھی ن لیگ کی جیت کی وجہ بنی؟

سینیئر تجزیہ کار سلمان غنی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی اہم ہے، لیکن اصل وجہ پی ٹی آئی کی دفاعی پوزیشن اور بائیکاٹ پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خود میدان چھوڑ دیا۔ لاہور میں جہاں بائیکاٹ نہیں کیا، وہاں بھی لیڈر شپ اور ووٹرز میدان میں نہ آ سکے۔

یہ بھی پڑھیں:عام انتخابات کے مقابلے میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے کتنے زائد ووٹ حاصل کیے؟

ن لیگ کے کارکن متحرک تھے، مریم نواز کی کارکردگی بھی ساتھ تھی، جس سے حکومت کو فائدہ ہوا ہے۔ لگتا ہے کہ پنجاب ن لیگ نے واپس لے لیا ہے، پی ٹی آئی کو دوبارہ کھڑا ہونے میں کافی وقت لگے گا۔‘‘

سینیئر تجزیہ کار وجاہت مسعود نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ کم رہا ہے۔ ایک تاثر یہ بھی ہے کہ جس کی حکومت ہوتی ہے، وہ جیت جاتا ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ اگلے 3-4 سال ن لیگ کی حکومت رہے گی، اس لیے اپنے کام کرانے کے لیے حکومتی امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں۔

مریم نواز کی کارکردگی واقعی اچھی ہے، عوامی ریلیف پروگرامز، الیکٹرک بسیں، صاف ستھرا پنجاب جیسے اقدامات عوام کو پسند آ رہے ہیں۔

اس ضمنی الیکشن میں اگرچہ پاکستان تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیے رکھا، لیکن ان کے حمایت یافتہ امیدوار میدان میں تھے، اس کے باوجود پنجاب میں ن لیگ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

سیاسی مبصرین کا اتفاق ہے کہ یہ نتائج ن لیگ کی سیاسی بحالی اور مریم نواز کی قیادت کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہیں۔ اب پنجاب ایک بار پھر ن لیگ کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp